کراچی، معاشرتی زندگی میں خام تیل کی اہمیت بہت بڑھ چکی ہے ،محمد زبیر

با الخصوص اس کی بروقت ترسیل سے صنعتی، معاشی ، تجارتی ، کاروباری اور سماجی سرگرمیوں میں تیزی یقینی ہے تیل کی ترسیل میں مصروف معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں،حکومت ان کے مسائل اور درپیش مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی،گورنر سندھ

بدھ 14 فروری 2018 20:00

کراچی،    معاشرتی زندگی میں خام تیل کی اہمیت بہت بڑھ چکی ہے ،محمد زبیر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 فروری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ معاشرتی زندگی میں خام تیل کی اہمیت بہت بڑھ چکی ہے با الخصوص اس کی بروقت ترسیل سے صنعتی، معاشی ، تجارتی ، کاروباری اور سماجی سرگرمیوں میں تیزی یقینی ہے ، تیل کی ترسیل میں مصروف معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں،حکومت ان کے مسائل اور درپیش مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں سابق گورنر بلو چستا ن آغا مطیع اللہ کی قیادت میں آنے آئل ٹینکر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے 7 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں تیل کی ترسیل میں آئل ٹینکر ایسوسی ایشنز کے کردار ، انفرااسٹرکچر ، درپیش مشکلات ، حائل رکاوٹوں ،قومی ترقی کی رفتار کر مزید تیز کرنے کے لئے تیل کی بروقت ترسیل سمیت اہمیت کے حامل دیگر معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ قومی معیشت کی ترقی و خوشحالی ، صنعتی فعالیت ، تجارتی ، کاروباری اور سماجی سرگرمیوں کے فروغ اور ذرائع نقل و حمل میں خام تیل کلیدی اہمیت کا حامل ہے جس کی بروقت ترسیل معاشرہ اورمعمولات زندگی کی روانی کے لئے انتہائی ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام اور بجلی بحران کے خاتمہ کے بعد موجودہ حکومت معاشی خوشحالی ، اقتصادی ترقی ، صنعتی فعالیت اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ کے لئے انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات یقینی بنا رہی ہے ، تیز ترین ذرائع نقل وحمل سے قومی معیشت بھی مزید تیز رفتاری سے ترقی کرے گی جس کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ، سی پیک منصوبہ کی تکمیل سے معاشی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہو گا اس ضمن میں صنعتی ، تجارتی اور کاروباری علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کے لئے کام جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پورٹ سے لیکر صنعتی علاقوں تک انفرااسٹرکچر کا جال بچھا یا جا رہا ہے تاکہ آمد ورفت میں آسانی سے تیل اور سامان کی ترسیل بروقت ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ آئل ٹینکر ایسوسی ایشنز کو درپیش مشکلات اور حائل رکاوٹوں کے خاتمہ کے لئے وہ متعلقہ حکام سے رابطہ کرینگے تاکہ مسائل کو جلد از جلد حل کیا جا سکے۔ ملاقات میں آئل ٹینکر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے گورنر سندھ کو درپیش مشکلات اور حائل رکاوٹوں سے متعلق تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے اس کے سدباب کے لئے کردار ادا کرنے کی گذارش کی ۔

انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں بھی انہوں نے تیل کی بروقت ترسیل کو یقینی بنایا تاکہ قومی معیشت میں کوئی رکاوٹ نہ آسکے ، وفاقی حکومت کے اقدامات کے باعث انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی میں بہتری آرہی ہے ، مزید اقدامات سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ بھی یقینی ہے ۔ #

متعلقہ عنوان :