صوبے میں صنعتکاری اور سرمایہ کاری کے عمل کو با مقصد بنانا چاہتے ہیں،پرویزخٹک

صوبائی حکومت اور مختلف سرمایہ کار کمپنیوں کے جوائنٹ ونچر کے تحت ترقیاتی منصوبوں کے منافع میں بغیر سرمایہ کاری کے 10 فیصد حصہ صوبے کیلئے لے رہے ہیں

بدھ 14 فروری 2018 22:26

صوبے میں صنعتکاری اور سرمایہ کاری کے عمل کو با مقصد بنانا چاہتے ہیں،پرویزخٹک
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبے میں صوبائی حکومت اور مختلف سرمایہ کار کمپنیوں کے جوائنٹ ونچر کے تحت ترقیاتی منصوبوں کے منافع میں بغیر سرمایہ کاری کے 10 فیصد حصہ صوبے کیلئے لے رہے ہیںتاکہ صوبے کی مالی بنیاد کو مضبوط کیا جاسکے یہی منافع ماضی میں کرپٹ عناصر کی جیب میں جاتا تھا ۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیاجس میں صوبائی وزراء، اراکین صوبائی اسمبلی اور صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اُن کی حکومت صوبے میں سرمایہ کار کمپنیوں کے ساتھ اشتراک کے تحت صنعتکاری اور ترقیاتی منصوبوں میں بغیر سرمایہ کاری کے 10 فیصد منافع لے رہی ہے ۔

(جاری ہے)

فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن، چینی سرمایہ کارکمپنیوں اور دیگر متعدد بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ تا حال طے پانے والے معاہدوں میں اسی طریقے کار کو ترجیح دی گئی ہے۔ہم صوبے میں صنعتکاری اور سرمایہ کاری کے عمل کو با مقصد بنانا چاہتے تھے اور اس کے لئے بنیاد رکھ دی ہے تاکہ بیروزگار ی ختم ہو ،صوبہ ترقی کرے اور خوشحالی آئے ۔ انہوںنے واضح کیا کہ یہ منافع ماضی میں صوبے کی بجائے کرپٹ اشرافیہ کی اپنی جیبوں میں جاتا تھا ۔

اگر ماضی میں اس منافع کے ملک کے مفاد میں استعمال کا طریقہ کار اختیار کیا گیا ہوتا تو ملک مقروض نہ ہو تا بلکہ کھربوں روپے قومی خرانے میں جمع ہوتے اور خوشحالی آتی مگر بدقسمتی سے ماضی میں اس طرح کی کوئی منصوبہ بندی موجود نہیں تھی ۔انہوںنے کہاکہ بغیر سرمایہ کاری کے صوبے کیلئے منافع میں حصہ لینے اور اس فارمولے پر سرمایہ کاروں کے اتفاق کے پیچھے موجودہ صوبائی حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسی ہے ۔

ہم نے سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات دی ہیں اور ہر قسم کی سہولت کی یقین دہانی کرائی ہے۔کرپشن کا راستہ بند کرکے ایک شفاف طریقہ کار وضع کیا ہے ۔یہی وجہ ہے کہ خیبرپختونخو امیں سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی ممکن ہو ئی ۔آج دُنیا بھر سے سرمایہ کار خیبرپختونخو امیں سرمایہ کاری کیلئے دوڑے دوڑے آر ہے ہیں۔ سی پیک نے صوبے میں سرمایہ کاری کا راستہ مزید آسان کردیا ہے ۔پرویز خٹک نے کہاکہ اُن کی حکومت سرمایہ کاری اور صنعتکاری کے مجموعی عمل میں صوبے کے مفاد کو ترجیح دے رہی ہے جو خوشحالی اور ترقی کی طرف عملی قدم ہے ۔

متعلقہ عنوان :