واٹر کمیشن کا دورہ فلٹر پلانٹ ، تعمیرو مرمت کے کام کی سست روی پر شدید برہمی کا اظہار

بدھ 14 فروری 2018 23:50

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2018ء) واٹر کمیشن کا دورہ فلٹر پلانٹ ، واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ امیر ہانی مسلم نے پھلیلی کینال پر واقع فلٹر پلانٹ کا ایک بار پھر دورہ کیا اور وہاں تعمیرو مرمت کے کام کی سست روی پر شدید برہمی کا اظہار کیا انہوں نے ہدایت دی کہ بغیر کسی تاخیر فلٹر پلانٹ کو فنکشنل کیا جائے انہوں نے مقامی انتظامیہ و آب پاشی حکام کو بھی ہدایت دی کہ وہ پھلیلی کینال ، پنیاری اور اکرم واہ سمیت تمام نہروں کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں واٹر کمیشن کے چیئرمین کے ہمراہ دیگر اراکین بھی موجود تھے جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم نے کمیشن کے اراکین کے ہمراہ ہالہ میں بھی فراہمی آب کے پلانٹس کا معائنہ کیا اور فراہمی آب کی نقص منصوبہ بندی اور انتظام پر ناراضگی کا اظہار کیا انہوں نے وہاں عملہ کو کہا کہ پانی زندگی کے لیے ناگزیر ہے یہ حفظان ِ صحت کے مطابق فراہم کیا جانا چاہیئے انہوں نے واٹر سپلائی کے تمام اداروں کو کہا ہے کہ وہ فلٹر پلانٹس اور نہروں کے معائنہ کے لیے وقتاً فوقتاً دورے کریں گے اور کسی کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔