سردار عبدالرب نشتر بڑے اصول پسند اور عوام کا مفاد عزیز رکھنے والے رہنما تھے ،آزاد بن حیدر

جمعہ 16 فروری 2018 17:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2018ء) شہر قائد ادبی فورم کے زیر اہتمام --- - یوم سردار عبدالرب نشترؔ النسا ء کلب گلشن اقبال میں منایا گیا ۔ اس موقع پر تحریک پاکستان کے اہم رہنما آزاد بن حیدر نے کہا کہ سردار عبدالرب نشتر بڑے اصول پسند اور عوام کا مفاد عزیز رکھنے والے رہنما تھے ۔ سردار نشتر قائداعظم اور قائد ملت کے رفیق کار تھے انہوں نے مزید کہا کہ آپ کے نزدیک پاکستان کے تمام مسائل کا حل جمہوریت میں مضمر ہے اور وہ اس پر ہمیشہ ذور دیتے رہے ۔

شہر قائد ادبی فورم کے صدر سلطان مسعود شیخ نے کہا کہ قیام پاکستان کی حوصلہ افزا اور اعصاب شکن تحریک کے دوران سردار نشتر نے جو عظیم خدمات انجام دیں وہ ہماری قومی تاریخ کا ایک اہم باب ترتیب دیتی ہے ، پرو فیسر خیال آفاقی نے پاکستان قائم کرنے اور اس کو مضبوط بنانے میں جن رہنمائوں نے نمایاں کام کیا ان میں ایک سردار عبدالرب نشتر کا نام سر فہرست ہے، آپ کا عظیم الشان کا رنامہ یہ ہے کہ انہوں نے تحریک پاکستان کو عوامی اور اسلامی رنگ دیا ۔

(جاری ہے)

تنظیم فلاح خواتین کی صدر محترمہ قمر النساء قمر نے کہا کہ قوم کی صحیح رہنمائی اور نمائندگی کیلئے جو بھی خوبیاں درکار ہوتی ہیں قائد اعظم انہی کے پیش نظر اپنے رفیقوں کا انتخاب کرتے ۔ چنانچہ انہی خوبیوں کے پیش نظر سردار عبدالرب نشتر کا انتخاب عمل میں آیا ۔ قائداعظم کو ان پر مکمل اعتماد تھا ۔ڈاکٹر ایوب عباسی نے کہا کہ سردار عبدالرب نشتر بہت مخلص انسان تھے ان کے خلوص کا یہ عالم تھا کہ اپنے دوست احباب کو کسی قسم کی تکلیف انہیں گوارا نہ تھی ۔ شائستگی اور سلیقے کو بھی ہاتھ سے جانے نہیں دیتے تھے ۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر رئیس احمدصمدانی ، ڈاکٹر ارشد مسعود ، اعجاز علی نوید ،سید فیصل سعید اور قمر النساء فخر نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :