نوجوان نسل کو ہیروئن کی لت لگانے والا بدنام زمانہ ایک بار پھر پولیس کا مہمان بن گیا

سیکرٹریٹ پولیس نے چھاپہ مارکر منشیات فروش طاہر نیازی عرف ککو کو 4سو گرام ہیروئن سمیت گرفتار کرلیا

جمعہ 16 فروری 2018 22:16

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 فروری2018ء) نوجوان نسل کو ہیروئن کی لت لگانے والا بدنام زمانہ طاہر نیازی عرف ککو ایک بار پھر پولیس کا مہمان بن گیا‘ سیکرٹریٹ پولیس نے چھاپہ مارتے ہوئے طاہر نیازی عرف ککو کو 4سو گرام ہیروئن سمیت گرفتار کرلیا ۔ نیازی یونیورسٹی اور کالجز کے طلباء و طالبات کو ہیروئن کی سپلائی کرنیوالا دارلحکومت میں بڑا ڈیلر ہے ۔

نیازی اس سے قبل متعدد مرتبہ پولیس کا مہمان بن چکا ہے ۔ طاہر نیازی پر 20سے زائد مقدمات درج ہیں لیکن ہر بار جلدی ضمانت پر رہا ہوجاتا ہے اور پھر نئے سرے سے کاروبار کا آغاز کردیتا ہے ۔ سیکرٹریٹ تھانہ کے ایس ایچ او راجہ زاہد عمر کی سربراہی میں چھاپہ مار ٹیم جس میں سب انسپکٹر قاضی خاقان ،اے ایس آئی مبشر عباسی ، تجمل ، نوید ، توقیر گیلانی اور فیضان کاظمی شامل تھے ‘نے نیازی کو گرفتار کرتے ہوئے 4سو گرام ہیروئن برآمد کرکے امتناع منشیات کی دفعہ 9Bکے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے ۔

(جاری ہے)

ملزم سے تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔ ملزم نے اپنی بیوی ، سالی ، سالے اور اپنے ہم زلف سمیت کئی کارندوں کا گروپ بنا رکھا ہے جن کے ذریعہ ہیروئن سپلائی کروائی جاتی ہے ۔ عوام الناس نے چیف جسٹس آزاد کشمیر ، وزیراعظم آزاد کشمیر سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ طاہر نیازی نے کئی گھروں کے چراغ گل کردیئے ہیں ۔ کئی نوجوان لڑکے اور لڑکیاں ہیروئن کی لت میں پڑے ہیں ۔ طاہر نیازی کو عمر قید کی سزا سنائی جائے یا اسے ریاست بدر کرکے نئی نسل کو بچایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :