پاکستان رینجرز سندھ نے 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا، اسلحہ و منشیات برآمد

جمعہ 16 فروری 2018 23:07

پاکستان رینجرز سندھ نے 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا، اسلحہ و منشیات برآمد
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2018ء) پاکستان رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ ملزمان مختلف جرائم میں ملوث ہیں۔ لیاری کے علاقے کلری میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم اورنگزیب کو گرفتار کیا جس کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔

ملزم بھتہ خوری اور ہوائی فائرنگ سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔ لیاری کے علاقے چاکیواڑہ اور کلری میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان اشفاق علی، محمد یوسف اور عابد کو گرفتار کیا۔ ملزمان بھتہ خوری اور منشیات فروشی سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ درخشاں اور بہادر آباد کے علاقوں میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان رحمت اللہ، محمد وقاص عرف سفانی دادا اور عبد الیعقوب کو گرفتار کیا۔

(جاری ہے)

ملزمان اسٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ درخشاں اور محمود آباد کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان زاہد محمد عرف آصف اور تیمور خان کو گرفتار کیا۔ ملزمان علاقے میں منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔