عوام کسی کے لیے نہیں پاکستان کے لیے ووٹ دیتے ہیں ، خواجہ آصف

نواز شریف نے پاکستان کی ترقی کا سفر شروع کیا ، مشرقی اور مغربی سرحدوں پر پاکستان مخالف دشمنوں کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی ، ترقی کا یہ سفر اب نہیں رکے گا نوا زشریف کا قافلہ اپنی منزل مقصود کو پہنچنے والا ہے، 2018 میں بھی عوام نواز شریف کو ووٹ دیں گے،سیالکوٹ میں مسلم لیگ ن کے ورکرز اجلاس سے خطاب

جمعہ 16 فروری 2018 23:12

عوام کسی کے لیے نہیں پاکستان کے لیے ووٹ دیتے ہیں ، خواجہ آصف
سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 فروری2018ء) وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عوام کسی کے لیے نہیں پاکستان کے لیے ووٹ دیتے ہیں ، نواز شریف نے پاکستان کی ترقی کا سفر شروع کیا ، مشرقی اور مغربی سرحدوں پر پاکستان مخالف دشمنوں کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی ، ترقی کا یہ سفر اب نہیں رکے گا ، 2018 میں بھی عوام نواز شریف کو ووٹ دیں گے۔

جمعہ کے روز سیالکوٹ میں مسلم لیگ ن کے ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہاکہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی بھی نواز شریف کے نامزد کردہ ہیں، اگر کسی کو غلط فہمی تھی تو وہ لودھراں ضمنی انتخابات میں ختم ہوگئی ۔ 1985ء سے سیالکوٹ سے مسلم لیگ ن جیتتی آئی ہے ، سیالکوٹ آئندہ بھی نواز شریف کے نظریے کو ووٹ دے گا۔

(جاری ہے)

خواجہ آصف نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کا مقابلہ منزل مقصود تک پہنچنے والا ہے ، دھرنے والوں نے زور لگایا کہ یہ قافلہ رک جائے لیکن یہ قافلہ نہیں رکا اور اب منزل مقصود پر پہنچنے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام ہمیں نہیں نواز شریف کو ووٹ دیتے ہے، میں نے جب الیکشن لڑا مخالفین نے قائد بدلا ، میں نے پانچ بار نواز شریف کی زیر قیادت الیکشن لڑا ، میرے پوسٹر پر نواز شریف کی تصویر ہوتی ہے ۔ 2018میں بھی عوام پھر نواز شریف کو ووٹ دیں گے ۔ اانہوں نے کہا کہ 2013 میں حکومت سنبھالی تو ملک میں ہر طرف لوڈ شیڈنگ تھی ، اب 70 فی صد فیڈرز پر بجلی24گھنٹے دستیاب ہوتی ہے ، 30 فی صد فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے جہاں لوگ بل نہیں دیتے ہاں بجلی نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سنبھالی تو کراچی دہشتگردی میں چھٹے نمبر پر تھا ، اب کراچی دہشتگردی میں 56نمبر پر ہے ، میاں نواز شریف کی قیادت میں کراچی کا امن بحال ہوا، ملک سے دہشتگردی ختم ہوئی ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ استعفے لینے والوں میں سے ایک بیرون ملک چلا گیا اور دوسرا کہتا ہے اب وقت نہیں ہے ، نواز شریف نے ملک میں 1800کلو میٹر طویل موٹر ویز بنائیں ، ترقی کا سفر اب کوئی نہیں روک سکتا ، 2008 ء میں جمہوریت کا سفر شروع کیا ، ادارے مضبوط ہوئے ہیں ، مزید سنگ میل عبور کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی کام عوام کا حق تھا ، کسی پر احسان نہیں کیا ، عوام ووٹ ملک کے لیے دیں کسی کی ذات کے لیے عوام ووٹ نہیں دیتے ۔