فیصلے ایمپائرکی انگلی سے نہیں،عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں،محمد نوازشریف

لودھراں کےعوام نے ووٹ کاتقدس بحال کردیا،لاڈلا کہتاہے لودھراں سے سبق سیکھیں گے، اب قوم تمہیں سبق سکھائے گی،لاڈلے اتنی رعونیت ٹھیک نہیں،ہم الیکشن جیت کرسجدہ ریزہوگئے۔لودھراں میں خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 17 فروری 2018 16:34

فیصلے ایمپائرکی انگلی سے نہیں،عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں،محمد نوازشریف
لودھراں(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 فروری 2018ء) : مسلم لیگ ن کے صدراور سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ فیصلے ایمپائرکی انگلی سے نہیں ،عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں،لودھراں کے عوام نے ووٹ کاتقدس بحال کردیا،لاڈلا کہتاہے لودھراں سے سبق سیکھیں گے، اب قوم تمہیں سبق سکھائے گی،لاڈلے اتنی رعونیت ٹھیک نہیں،ہم الیکشن جیت کرسجدہ ریزہوگئے۔

انہوں نے آج لودھراں میں ضمنی الیکشن میں جیت پراظہارتشکر کیلئے ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ لودھراں کے عوام کو مبارکباد پیش کرنے آیاہوں۔لودھراں کے عوام نے ووٹ کاتقدس بحال کیاہے۔فیصلے ایمپائرکی انگلی سے نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں۔لاڈلا کہتاہے کہ ہم لودھراں سے سبق سیکھیں گے۔اب پانچ سال بعد سبق سیکھنے کاخیال آگیا۔

(جاری ہے)

اب تم سبق نہیں سیکھو گے بلکہ قوم تمہیں سبق سکھائے گی۔

میں جھوٹ نہیں بولتا۔اسی لیے 1985ء سے لودھران کی خدمت کرتے آیاہوں۔یہاں سڑکیں ،ہسپتال ،تعلیمی ادارے بن رہے ہیں۔کاشتکاروں کے ہم نے بجلی سستی کی ہے۔کاشتکار بتائیں ہم نے ان کے لیے بجلی اور کھاد سستی کی ہے۔پہلے کھاد 22سواب 1300روپے ہے۔شہبازشریف کی خدمت کی مثال پاکستان میں نہیں ملتی۔پاکستان میں دہشتگردی کوختم کیا۔کراچی میں ہم امن لیکر آئے۔

سی پیک لیکر آئے ہیں۔سی پیک پاکستان کی ترقی کاستون ہوگا۔لاڈلا کہتا کہ الیکشن ہم نے جیتاہواہے اب صرف لیڈ بنانی ہے ۔لیڈ کہاں بنانی ہے ؟ 27ہزارووٹوں سے ہارگئے ۔اتنی رعونیت ٹھیک نہیں۔ہم نے الیکشن جیتااور سجدے میں گر گئے۔انہوں نے کہاکہ آئندہ الیکشن آرہاہے۔اگرمسلم لیگ ن الیکشن جیتے گی توضلع لودھراں میں سب سے پہلے گیس آئے گی۔انہوں نے کہاکہ عوام مجھ سے وعدہ کریں۔

میں آج وزیراعظم نہیں ہوں۔جس پرعوام نے وزیراعظم نوازشریف کے نعرے لگائے۔نوازشریف نے کہاکہ میکوکڈ دتا اے۔میں وزیراعظم نہیں رہامجھے نکال دیاگیاہے۔نوازشریف نے کہاکہ اس فیصلے کولودھراں نے مان لیاہے؟ کہتے ہیں نوازشریف نے اپنے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی۔فیصلہ دیاکہ جاؤگھرجاؤ وزیراعظم کوفارغ کردیا۔ایک روپے کی رشوت کامجھ پرالزام نہیں ہے۔

جب کچھ نہیں ملاتوبیٹے سے تنخواہ نہ لینے پرفارغ کردیا۔کبھی ایسا فیصلہ دنیا میں سنا ہے؟ انہوں نے کہاکہ آئندہ عام انتخابات میں عوام نے کچھ اہم فیصلے کرنے ہیں۔جوکچھ 70سالوں سے ہورہاہے؟ وہ بدل جائے گا یا نہیں؟ اپنے کی حرمت کوروندنے دوگے؟ اپنے ووٹ کے تقدس کی حفاظت کرو گے یا نہیں ؟ وزیراعظم اسی طرح رسوا اور نااہل ہوتارہے گا؟ انہوں نے کہاکہ یہ فیصلہ پوری قوم نے کرناہے۔

میں وعدہ کرتاہوں کہ مسلم لیگ ن جیتے گی تولوگوں کودروازے کی دہلیز پرانصاف ملے گا۔ابھی ہم نے ہیلتھ کارڈ دے رہے ہیں اب ہم ایسا پروگرام بنارہے ہیں کہ جن کے پاس چھت نہیں ان کوگھر فراہم کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخواہ میں کوئی کام نہیں کیاگیا۔وہاں کوئی توجہ نہیں دی گئی۔لاہورمیٹروکوجنگلا بس کہاگیا۔اب وہی بس پشاور میں بنانی شروع کردی۔پانچ سال میں میٹروبس نہیں بناسکے۔لاہور،پنڈی اور ملتان میں میٹروبس موجود ہے انشاء اللہ باقی شہروں میں بھی میٹروبس بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ لاہورملتان موٹروے مکمل ہورہی ہے ۔