مقبوضہ کشمیر:سید علی گیلانی کا صورہ ہسپتال میں طبی معائنہ ، یاسین ملک کی عیادت

حریت کانفرنس کی آزادی پسندوں اور ان کے عزیز واقارب کی گرفتایوں کی مذمت

ہفتہ 17 فروری 2018 19:13

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کو ہفتہ کے روز صورہ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ لے جایا گیا جہاں ان کا معمول کا طبی معائنہ کیاگیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی کے ہمراہ ان کے فرزند ڈاکٹر نسیم گیلانی بھی تھے۔ ڈاکٹروں نے حریت چیئرمین کا مکمل طبی معائنہ کیا اور ضروری ٹیسٹ کرائے۔

سید علی گیلانی کئی عارضوں میں مبتلا ہیں اورانہیں وقفے وقفے سے طبی معائنہ کرانا پڑتا ہے۔ سید علی گیلانی نے علیل آزادی پسند رہنما محمد یٰسین ملک کی جو اسی ہسپتال میں زیر علاج ہیںعیادت بھی کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دُعا کی۔ دریں اثناء بھارتی پولیس نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان غلام احمد گلزار کو ہفتہ کے روز صبح گرفتار کرکے شیر گھڑی تھانے میں نظر بند کردیاجبکہ حریت رہنمائوں عمر عادل ڈار، محمد یٰسین عطائی اور سید امتیاز حیدر کو بھی گزشتہ روزپولیس نے گرفتار کرکے نوگام اور بڈگام تھانوں میں نظر بند کردیاہے۔

(جاری ہے)

حریت رہنما محمد اشرف صحرائی اور محمد اشرف لایا مسلسل ایک ہفتے سے اپنے گھروں میں نظربندہیںجبکہ تحریک حریت کے رہنما شاہ ولی محمد کو سوپور تھانے میں نظربند رکھا گیا ہے۔ حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پولیس کی ان کارروائیوں کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ان ہتھکنڈوں سے آزادی پسند رہنمائوں اور کارکنوں کو مرعوب نہیں کیا جاسکتا اور نہ ان کے جذبہٴ آزادی کوختم کیا جاسکتا ہے۔

ترجمان نے میدان پورہ لولاب سے تعلق رکھنے والے جاوید احمد میر کو ڈسٹرک جیل کپواڑہ سے ضمانت پر رہا کرنے کے آدھے گھنٹے بعدہی گھر سے دوبارہ گرفتار کرنے اور نامعلوم جگہ منتقل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے لاقانونیت اور غنڈہ گردی قراردیا۔ ترجمان نے سوپور کے علاقے سیلو سے تعلق رکھنے والے تحریک حریت کے رہنما نذیر احمد خواجہ کے تین برادران نسبتی محمد مقبول، اسداللہ اور خضر محمد کو گرفتار کرنے کی بھی شدید مذمت کی۔ترجمان نے کہاکہ بھارتی پولیس نے 20دن قبل موصوف کے بھائی مشتاق احمد خواجہ کو بھی گرفتار کیاتھا۔ترجمان نے کہا کہ نذیر احمد معروف آزادی پسندرہنما ہیں اور پولیس کی طرف سے ان کے عزیز واقارب کو گرفتار کرنا انتقامی کارروائی ہے۔

متعلقہ عنوان :