Live Updates

لودھراں کے عوام نے تکبر ،جھوٹ ،الزام تراشی اورانتشار کی سیاست کو مسترد کر کے خدمت کی سیاست کو کامیاب کرایا:شہبازشریف

لودھراں کا فیصلہ پوری دنیا میں گونج رہا ہے ،2018ء کے انتخابات میں پاکستان کا ہر حلقہ لودھراں بن جائے گا:محمد نوازشریف لودھراں کے غیور عوام کو سلام پیش کرتاہوں ،جنہوںنے جھوٹوں کے آئی جی کی اے ٹی ایم مشین کو اکھاڑ کر دریائے ستلج میں پھینک دیا،وزیر اعلی پنجاب مسلم لیگ(ن) کو لودھراں میں جو تاریخی جیت حاصل ہوئی ہے ،اس کا ڈنکا پاکستان ہی نہیںپوری دنیا میں بج رہا ہے سیاسی بنیادوں پر قرضے معاف کرانیوالوں کیخلاف ہر فورم پر آواز اٹھائی ،کسی نے نوٹس نہیں لیا،عوام کی عدالت نے ان کیخلاف فیصلہ کردیا ہے،عمران نیازی نے لودھراں میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں چوروں اورڈاکوؤں کو شکست ہوگی،واقعی چوروں اورڈاکوؤں کو شکست ہوگئی ہے لودھراں کے عوام نے اس عظیم لیڈر کے حق میں فیصلہ دیا جس نے امریکہ کی 5ارب ڈالر کی پیشکش کو مسترد کر کے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا زرداری صاحب آپ نے اپنے دور حکومت میں بجلی کے منصوبے تو نہ لگائے لیکن پاکستان کی دولت کو ضرور لوٹا، وزیراعلیٰ پنجاب کا لودھراں میں و رکرز کنونشن سے خطاب مسلم لیگ(ن) نے گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اورملک کو مسائل سے نکالا ہے،شہبازشریف نے صوبے کے عوام کی بڑی خدمت کی ہے،تعلیم ،صحت ،انفراسٹرکچر اورسماجی شعبوں کی ترقی میں شاندار کام کیا ہے،نوازشریف کا خطاب

ہفتہ 17 فروری 2018 19:38

لودھراں کے عوام نے تکبر ،جھوٹ ،الزام تراشی اورانتشار کی سیاست کو مسترد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ لودھراں کے ضمنی انتخابات میں خدمت کی سیاست کو کامیابی ملی ہے۔ لودھراں کے عوام نے تکبر ،غرور،جھوٹ ،الزام تراشی اورانتشار کی سیاست کو مسترد کر کے اے ٹی ایم مشین کو اکھاڑ کر دریائے ستلج میں پھینک دیا ہے ۔یہاں کے عوام نے جس محبت اورمحنت کیساتھ ایک درویش صفت انسان کوچن کرمحمد نوازشریف اورمجھے خرید لیا ہے ۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کو لودھراں میں جو تاریخی جیت حاصل ہوئی ہے ،اس کا ڈنکا پاکستان ہی نہیںپوری دنیا میں بج رہا ہے ۔ہم شاندار کامیابی پر لودھراں کے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنے کیلئے حاضر ہوئے ہیں ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہارآج لودھراں میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد نوازشریف،مسلم لیگی رہنماء حمزہ شہبازشریف،مریم نواز،علاقے کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اورمسلم لیگی کارکنوں کی بڑی تعدادکنونشن میں موجود تھی۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں کئی سالوں سے بیواؤں،یتیموںاورغریب قوم کی محنت کی کمائی سے قرضے حاصل کر کے انہیں سیاسی بنیادوں پر معاف کرانے والوں کے بارے میں بات کررہا ہوں لیکن بدقسمتی سے کسی فورم پر اس کا نوٹس نہیں لیا گیا۔عالیشان محلات،گاڑیاں اورکارخانے ہونے کے باوجودسیاسی بنیادوں پر اربوں روپے کے قرضے معاف کرانے والوں کے خلاف عوام کی عدالت نے انصاف کردیا ہے اورانہیں ضمنی انتخاب میں عبرت ناک شکست ہوئی ہے ۔

یہ لوگ غرور اورتکبر میں کہتے تھے کہ ہم الیکشن جیتے ہوئے ہیں صرف فیصلہ اس بات کا ہونا ہے کے لیڈ 50ہزار کی ملتی ہے یا60ہزار کی۔اللہ تعالیٰ کو ان کا تکبر پسند نہ آیابلکہ فرشتہ صفت اقبال شاہ کی سجدہ ریزی پسندی آگئی۔تکبر کرنیوالوں کا غرور خاک میں مل گیا اورسجدہ ریز کی عزت میں اضافہ ہوا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جھوٹوں کے آئی جی عمران نیازی نے لودھراں میں جلسہ سے تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہاں چوروں اورڈاکوؤں کی شکست ہوگئی ۔

اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ چوروں اورڈاکوؤں کو شکست ہوگئی ہے ۔لودھراں کے عوام نے اس عظیم لیڈر کے حق میں فیصلہ دیا جس نے امریکہ کی 5 ارب ڈالر کی پیش کش کو مسترد کر کے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا ۔انہوںنے کہا کہ جب پاکستان مسلم لیگ(ن)2013ء میں اقتدار میں آئی تو ملک میں ہر طرف لوڈشیڈنگ کے اندھیرے چھائے ہوئے تھے ۔دہشت گردی نے ملک کو گھیر رکھا تھا۔

محمد نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ملک کوتوانائی بحران اوردہشت گردی جیسے مسائل سے نجات دلائی۔آج ملک میں امن ہے اورلوڈ شیڈنگ تقریباً ختم ہوگئی ہے ۔انہوںنے کہا کہ زرداری صاحب آپ نے اپنے دور حکومت میں بجلی کے منصوبے تو نہ لگائے لیکن پاکستان کی دولت کو ضرور لوٹا۔دوسری طرف خان صاحب کہتے ہے کہ ہم نے کے پی کے میں 74میگاواٹ بجلی پیدا کی ہے ۔

خان صاحب عوام جاننا چاہتے ہیں کہ یہ بجلی چاند پر ہے یامریخ پر ،کیونکہ زمین پر تو یہ بجلی موجود نہیں۔آپ جھوٹوں کے آئی جی ہیں ،آپ نے کے پی کے میں ایک کلو واٹ بجلی بھی پیدا نہیں کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) نے گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں عوام کی بے لوث خدمت کی ہے ۔پچھلے تین سالوں سے کسانوں کو سستی کھاد مل رہی ہے ۔بجلی سے چلنے والے ٹیوب ویلوں پر اربوں روپے کی سبسڈی دے رہے ہیں اورچھوٹے کسانوں کو بلاسود قرضے دیئے جارہے ہیں ۔

پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے تحت غریب گھرانوں کے لاکھوں ہونہار بچے اوربچیوں کو حصول تعلیم کیلئے وظائف دیئے جارہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ لودھراں شہر کے اندر بے شمار ترقیاتی کام ہورہے ہیں اوراربوں روپے سے دیہاتوں میں بہترین سڑکیں بنائی گئی ہیں۔انہوںنے کہاکہ1985میں جب نواز شریف پنجاب کے وزیراعلیٰ تھے تو انہوںنے کھیتوں سے منڈیوں تک سڑکیں تعمیرکروائیں اوردیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر کا ویژن انہی کا تھا ۔

پنجاب حکومت نے ’’پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے‘‘کے تحت85ارب روپے کی لاگت سے ہزاروں کلو میٹر دیہی سڑکیں بنائی ہیں ۔خانیوال سے لودھراں تک دورویہ سڑک کی تعمیر پر 24ارب روپے خرچ کیے جارہے ہیں اوریہ سڑک23مارچ کو مکمل ہوجائے گی۔ یہ کام کسی اور حکومت نے نہیں بلکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے کیا ہے ۔ یہاں لوگ ہیلی کاپٹر میں آتے تھے اورلودھراں کے عوام کے ضمیر کو خریدنے کی کوشش کرتے تھے میںیہاں کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوںنے ان کی رشوت کو ٹھکرایا اورایک محنتی شخص کو کامیاب کراکے اللہ تعالیٰ کو راضی کیا ۔

لودھراں کے عوام نے جھوٹے خان صاحب سے ان کی خزانے کی مشین چھین لی ہے اب خزانہ علاقے کے عوام کی ترقی اورخوشحالی پر صرف ہوگا۔وزیراعلیٰ نے لودھراں میں پٹھان والا پر انڈرپاس،دنیا پوربائی پاس اورشہاب ابوطاہر پر اوور ہیڈ بریج بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمیں خرید لیا ہے خادم تو میں پہلے ہی آپ کا تھا اب مکمل خادم بن گیا ہوں ۔

آپ جو حکم کریںگے ہم حاضر ہیں ۔میں نے وزیرمملکت عبدالرحمان کانجو سے کہا ہے کہ آپ اپنے ساتھیوں کو لیکر لاہور آئیں آپ کا جو بھی حکم ہوگا پورا کریںگے چاہے مجھے اس کیلئے اپنا کوٹ ہی کیو ں نہ بیچنا پڑے۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سربراہ محمد نوازشریف مسلم لیگ(ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ضمنی انتخابات میں پارٹی امید وار کی شاندار کامیابی پر لودھراں کے عوام کو مبارکباد دیتا ہوں کہ آپ نے اقبال شاہ جیسے نیک دل اورفرشتہ صفت انسان کو ووٹ دے کرمیرا اور شہبازشریف کا مان بڑھایا ہے ۔

آپ نے ثابت کیا ہے کہ فیصلے امپائر کی انگلی سے نہیں بلکہ عوام کے انگوٹھے سے ہوتے ہیں ۔لودھراں کے عوام کا فیصلہ پوری دنیا میں گونج رہا ہے ۔2018ء کے انتخابات میں پاکستان کا ہر حلقہ لودھراں بن جائے گا۔گزشتہ پانچ سالوں میں مخالفین میں جھوٹ اوربہتان طراشی کے سوا کچھ نہ کیا اورآج کہتے ہیں کہ لودھراں سے سبق سیکھیں گے۔یادرکھواب تم سبق نہیں سیکھوں گے بلکہ یہ قوم تمہیں سبق سکھائے گی۔

انہوںنے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے صوبے کے عوام کی بڑی خدمت کی ہے ۔تعلیم ، صحت ،انفراسٹرکچر اورسماجی شعبوں کی ترقی میں انہوںنے شاندار کام کیا ہے ۔صوبے بھر میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال اورتعلیمی ادارے بن رہے ہیں ۔کاشتکاروں کو سستی کھاد اوربلاسود قرضے مل رہے ہیں ۔لاہور،راولپنڈی،اسلام آباد اورملتان میں میٹروبس سروس عوام کو بہترین سفری سہولتیں فراہم کررہی ہے اورشہبازشریف یہ بس سروس تمام ڈویژنل ہیڈ کواٹر ز تک لے کر آئیںگے۔

دوسری جانب اس عظیم فلاحی منصوبے کو جنگلہ بس کہنے والوں کو پانچ سال بات پشاور میں میٹروبس شروع کرنے کا خیال آیا ہے ۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے ہیں ۔وزیرمملکت عبدالرحمان کانجو نے ورکرز کنونشن سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ لودھراں کے عوام نے مثالی فیصلہ دیا ہے ۔شہبازشریف جنوبی پنجاب کے محسن ہیں جنہوںنے خطے کی ترقی کیلئے بے مثال کام کیا ہے ۔

انہوںنے خطے کو تعلیمی ادارے اورہسپتال دیئے ہیں اور24ارب روپے کی لاگت سے خانیوال سے لودھراں تک سڑک کا تحفہ بھی دیا ہے ۔ لودھراں سے منتخب ہونے والے ممبر قومی اسمبلی اقبال شاہ نے کہا کہ لودھراں کے عوام نے مسلم لیگ(ن) کو کامیاب کراکے پارٹی قیادت سے والہانا محبت کا اظہار کیا ہے ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بہاولپورایئر پورٹ پرمسلم لیگ (ن) کے سربراہ محمد نوازشریف کا استقبال کیااوردونوں رہنماؤں سے ضلع لودھراں کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کی۔

محمد نوازشریف اور محمد شہبازشریف نے ضمنی الیکشن میں شاندار کامیابی پر لودھراں کے اراکین اسمبلی کو مبارکباد دی۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب بہاولپور ایئرپورٹ پر پہنچے تو اراکین اسمبلی نے ان کا استقبال کیا۔وزیراعلیٰ سے ایئرپورٹ پرلودھراں سے نومنتخب رکن قومی اسمبلی اقبال شاہ اوردیگر اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی کو لودھراں کا ضمنی الیکشن جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ سب نے اپنی محنت کیساتھ شاندارکامیابی حاصل کی ہے ۔

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جھوٹ اورپیسے کی سیاست کو شکست ہوئی ہے ۔محنت ،دیانت اور امانت کو فتح نصیب ہوئی ہے ۔انہوںنے کہا کہ عوام کی خدمت رائیگاں نہیں جاتی ۔میرا ایمان ہے جتنی آپ عوام کی خدمت کریں گے اتنا عوام آپ کو سر آنکھوں پر بیٹھائیں گے۔اراکین اسمبلی نے کہا کہ لودھراں کے ضمنی الیکشن میں فتح آپ کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے ۔آپ نے اپنی محنت کے ساتھ پورے پنجاب کے عوام کی خدمت کی ہے اورہم آپ کو ضمنی الیکشن میں کامیابی پر دلی مبارکباد دیتے ہیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات