وزیراعظم پی آئی اے اور پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری کیلئے کوششیں چھوڑ دیں،بلاول بھٹوزرداری

پاکستان سٹیل کو تقریبا آپریشنل ڈیتھ تک پہنچا دیا گیا ، نجکاری روکنے کیلئے پارلیمنٹ میں ایڑی چوٹی کا زور لگائینگے، چیئرمین پیپلزپارٹی

ہفتہ 17 فروری 2018 22:02

وزیراعظم پی آئی اے اور پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری کیلئے کوششیں چھوڑ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو متنبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائینز (پی آئی ای) اور پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری کے لیئے کوششیں چھوڑ دیں، بصورت دیگر ان کی پارٹی کی جانب سے پارلیمنٹ کے اندر و باہر سخت مزاحمت کا سامنا کرنے کیلئے وہ تیار ہوجائیں۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کی میٹنگ کے دوران پی آئی اے اور اسٹیل مل کی نجکاری کی منظوری دی جنہیں (ن) لیگی حکومت نے اپنے اقتدار کے گزشتہ ساڑھے چار سالوں کے دوران معاشی و انتظامی لحاظ سے تباہ کرنے کی کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ عام شہری ہوں یا ماہرین فیصلے پر سب دنگ رہ گئے ہیں جو اپنی منافع بخش نجی ایئر لائنز جس کے منافع میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا کی بنیاد رکھنے سے پہلے پی آئی اے کا چیئرمین تھے ۔

(جاری ہے)

اسی طرح نواز شریف جن کا خاندان لوہے کے کاروبار سے منسلک ہے نے ملک میں لوہے کی سب سے بڑی فیکٹری کو تقریبا آپریشنل ڈیتھ کے قریب پہنچا دیا ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور نااہل وزیراعظم نواز شریف پی آئی اے اور اسٹیل مل کو بیچنے کی سازش کر رہے ہیں اور قوی امکان ہے کہ انہیں اپنے کاروباری شراکت داروں کو ہی فروخت کردیں۔ گویا وہ قومی اثاثوں کو ایک ہاتھ سے فروخت اور دوسرے سے خرید رہے ہیں۔

انہوں نے (ن) لیگی حکومت کو متنبہ کیا کہ پرائیویٹائیزیشن کے نام پر پرسنلائیزیشن کا عمل بند کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری روکنے کیلئے پارلیمنٹ میں ایڑی چوٹی کا زور لگائیں گے، انہوں نے عوام اور خصوصا ملک بھر کی ٹریڈ یونینز سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کے لوگوں پر مسلط معاشی دہشتگردی کیخلاف جدوجہد میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمنٹری پارٹی کو ہدایت کی کہ وہ پی آئی اے اور اسٹیل مل کی مذکورہ جھوٹی نجکاری کیخلاف اسمبلیوں سمیت تمام فورمز پر آواز اٹھائے۔