گرین پاکستان پروگرام ،محکمہ جنگلات راولپنڈی نے 90ہزار سے زائد پودے لگا کر ریکارڈ قائم کر دیا

اتوار 18 فروری 2018 17:40

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2018ء) محکمہ جنگلات راولپنڈی نے گرین پاکستان پروگرام کے تحت بہاریہ شجر کاری مہم میں 90ہزار سے زائد پودے لگا کر ریکارڈ قائم کر دیا ۔کنزرویٹر فارسٹ راولپنڈی نارتھ سرکل اطہر شاہ کھگا نے اے پی پی کو بتایاکہ وزیر اعظم پاکستان کے ’’گرین پاکستان ‘‘پروگرام کی کامیابی کے لیے محکمہ جنگلات راولپنڈی اپنے اہداف کے حصول کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے ۔

انہوںنے بتایاکہ حالیہ بہاریہ شجر کاری مہم کے دوران محکمہ جنگلات راولپنڈی نارتھ سرکل نے گرین پاکستان پروگرام کے تحت اب تک 90,600پودے سرکاری جنگلات میں لگائے ہیں جبکہ گذشتہ برس مون سون شجر کاری مہم کے دوران محکمہ جنگلات راولپنڈی نارتھ سرکل نے 12,50,000پودے لگانے کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں 12,84,136 پودے لگا کر مجموعی ہدف کا 103فی صد حاصل کیا ۔

(جاری ہے)

اطہر شاہ کھگا نے اے پی پی کو بتایاکہ محکمہ جنگلات راولپنڈی نارتھ سرکل نے ’’گرین پاکستان پروگرام ‘‘کے تحت 2017-18میں مری اور راولپنڈی نارتھ ڈویژن کے 554ایکڑ رقبہ پر ،اٹک فارسٹ ڈویژن کے 1270ایکڑ رقبہ پر جبکہ مری اور راولپنڈی نارتھ ڈویژنز کے زرخیز زمین کے مجموعی 19968 مربع فٹ رقبہ پر پودے لگائے ۔انہوں نے اے پی پی کو مزید بتایاکہ محکمہ جنگلات راولپنڈی نے گرین پاکستان پروگرام کے ساتھ ساتھ بہاریہ شجرکاری مہم کے دوران راولپنڈی میں 17لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔

محکمہ جنگلات راولپنڈی نے شجر کاری مہم کے آغاز کے ساتھ ہی راولپنڈی ،اٹک ،گوجر خان ،کہوٹہ مری سمیت دیگر سرکاری جنگلات میں پودے لگانے کا عمل شروع کر دیا ہے ۔انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ بہاریہ شجر کاری مہم کے دوران مختلف اقسام کے پودے سرکاری جنگلات ،محکمہ دفاع ،نجی زمینوں اور سکولوں میں لگائے جائیں گے۔انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ بہاریہ شجر کاری مہم کے دوران نارتھ ڈویژن بشمول مری ،اٹک ،کوٹلی ستیاں ،پنجاڑ ،کروڑ ،کلر سیداں ، کہوٹہ جبکہ سائوتھ سرکل گوجر خان ،ٹیکسلا اور راولپنڈی کے جنگلات میں پھلدار ،پھول دار ،سایہ دار اور جنگلی پودوں کے علاوہ چیڑھ کے پودے بھی لگائے جائیں گے۔

انہوںنے بتایاکہ بہاریہ شجر کاری مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کے ہدف کے حصول کے لیے متعلقہ ڈویژنل فارسٹ آفیسرز اور دیگر حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور انہیں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے علاقہ جات میں شجرکاری مہم کے اہداف کے بروقت حصول کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لائیں۔ اطہر شاہ کھگہ نے بتایاکہ بہاریہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں جن کے تحت سرکاری نرسریوں سے پودوں کی فراہمی بھی شروع کر دی گئی جبکہ محکمہ جنگلات راولپنڈی کی تمام 150سرکاری نرسریوں کو سیل پوائنٹ کا درجہ دیتے ہوئے ان نرسریوں سے مختلف اقسام کے پودوں کی ارزاں نرخوں پر فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :