چیئرمین بلدیہ ملیر نے بھینس کالونی میں 15 روزہ خصوسی صفائی مہم کا افتتاح کر دیا

اتوار 18 فروری 2018 18:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2018ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے کہا ہے کہ عوام کو صحت افزاء ماحول کی فراہمی، جراثیم کی افزائش اور بیماریوں کی روک تھام کیلئے صفائی ستھرائی کے نظام میں بہتری لائے بغیر نا ممکن ہے، ضلع ملیر کو کچرے سے پاک بنانے اور عوام کو صاف ستھرے اور پر فضاء ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ترجیحی اور ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کا تسلسل جاری ہے، بیک لاگ کچرے کے خاتمے کیلئے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے یو سی کیٹل کالونی میں 15 روزہ خصوصی صفائی مہم شروع کرنا اہم اقدام ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائس چیئرمین عبدالخالق مروت، یو سی وائس چیئرمین چوہدری اکرم کے ہمراہ یو سی 5 کیٹل کالونی میں 15 روزہ خصوصی صفائی مہم کا آغاز کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے سینئر ڈائریکٹرسندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ راشد خان کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صفائی مہم کے دوران مساجد و امام بارگاہوں، اسکولوں، مرکزی و ذیلی شاہراہوں اور سرکاری عمارات کے اطراف صفائی ستھرائی پر توجہ مرکوز رکھی جائے، بیک لاگ کچرے کو زیرو کیا جائے، مرکزی شاہراہوں کے ساتھ اندرونی گلیوں میں سوئپنگ کو یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر انفارمیشن سلیم خان، ڈائریکٹر سولیڈ ویسٹ واثق ظفر، پی ایس چیئرمین عمر جان بلوچ اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔