حکمرانوں نے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا صرف دعوئوں سے کام چلایا جارہا ہے ،سربراہ سنی تحریک

عوام کی خدمت سے ووٹ کا تقدس بحال ہوگا ،جلسے اور تقریروں سے مسائل حل نہیں جوں کے توں رہینگے ،ثروت اعجاز قادری

اتوار 18 فروری 2018 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2018ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک سیکولر ریاست نہیں بننے دینگے پاکستان سنی تحریک رکاوٹ ہوگی ، ریاستی اداروں کا احترام نہ کرنے والے بغاوت کے مرتکب ہورہے ہیں ،عوام کی خدمت سے ووٹ کا تقدس بحال ہوگا ،جلسے نعرے بازی یا تقریروں سے عوام کے مسائل حل نہیں جوں کے توں رہینگے ، حکمرانوں نے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا صرف دعوئوں سے کام چلایا جارہا ہے ،بجلی کی لوڈشیڈنگ کی صورتحال ویسی ہی ہے جیسی پہلے تھی ،عوام کے حقوق کا تحفظ کرنا اور سہولتیں دینا حکومت کا قومی وملی اور آئینی واخلاقی فرض ہے ،حکمران اپنے منصب اور حلف کی پاسداری نہیں کررہے ،کرپشن میں ملوث چوروں کو گرفتار کیوں نہیں کیا جارہا ،عوامی دولٹ لوٹنے والے لٹیرے کیوں قانون کی گرفت سے باہر ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر عمائدین شہر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دنیا کو امن کا گہوارہ بنانا ہے تو غربت اور جہالت کے خلاف جہاد کرنا ہوگا ،سپر طاقتوں کو سمجھنا ہوگا کہ دوسروں کے گھر میں آگ لگا کر خود بھی محفوظ نہیں رہ سکتے ،اسلحے کی بجائے پوری دنیا میں انصاف وتعلیم کو عام کرنا ہوگا،تعلیم اور انصاف کی فراہمی سے دنیا میں امن آئے گا،انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک مسلمانوں کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کی بین الاقوامی سازش کو سمجھیں ، دین اسلام مغرب میں تیزی سے پھیل رہا ہے ،جس سے بوکھلاہٹ کا شکار اسلام دشمن عناصر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں ، دین اسلام کے حقیقی فلسفے ا من محبت درگذر اور احترام انسانیت کو فروغ دینا ہوگا ،اتحاد امت مسلمہ کیلئے مسلم ممالک کو کوششیں کرنا ہونگی ،انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیلئے عالمی قوتوں کو مفادات سے باہر نکل کر دنیا کے امن کیلئے سنجیدہ اقدامات کرنے ہونگے ۔

متعلقہ عنوان :