پاکستان کھیلوں کے لیے محفوظ ملک بن چکا ، موجودہ حکومت کی انتھک محنت اور موثر اقدامات کا یہ منہ بولتا ثبوت ہے، راجہ ظفرالحق

دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بعد پاکستان پر بین الاقوامی برادری کا اعتماد بحال ہوچکا ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے مزید اقدامات اُٹھائے جائیں، قائد ایوان سینیٹ کا خطاب

اتوار 18 فروری 2018 23:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 فروری2018ء) قائد ایوان سینیٹ سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے کہا ہے کہ پاکستان کھیلوں کے لیے محفوظ ملک بن چکا ہے اور موجودہ حکومت کی انتھک محنت اور موثر اقدامات کا یہ منہ بولتا ثبوت ہے کہ آج نہ صرف بین الاقوامی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کررہی ہیں بلکہ کھلاڑی بلا خوف وخطرہ پاکستان کے کھیلوں میں شرکت کررہے ہیں۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بعد پاکستان پر بین الاقوامی برادری کا اعتماد بحال ہوچکا ہے۔ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے مزید اقدامات اُٹھائے جائیں۔ان خیالات کا اظہارقائد ایوان نے پاکستان سپورٹس بورڈ میں انٹر نیشنل فٹسال کپ 2018ء کے فائنل میچ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

راجہ محمد ظفرالحق نے تمام بین الاقوامی ٹیموں کو پاکستان آمد پر شکریہ ادا کیا اور خاص طورپر دوست ملک برازیل جنہوں نے فٹسال کپ کے میچ میں پاکستان کو شکست دیتے ہوئے کپ اپنے نام کیا۔

انہوں نے کہا کہ برازیل پاکستان کا دوست ملک ہے اور اُمید کرتے ہیں کہ برازیل کے کھلاڑی پاکستان میں بار بار آئیں گے۔انہوں نے پاکستان کی ٹیم کو بھی فائنل میچ تک پہنچنے پر مبارکباد دی۔ راجہ محمد ظفرالحق نے کھلاڑیوں میں میڈل اور فاتح ٹیم برازیل کو ٹرافی بھی پیش کی۔ یاد رہے کہ پاکستان سپورٹس بورڈ نے انٹر نیشنل فٹسال کپ 2018ء کے لیے پاکستان سمیت چار بین الاقوامی ٹیموں نے شرکت کی جن میں ترکی، برازیل اور نیپال کی ٹیمیں شامل تھیں اور ہر ٹیم نے تین میچ کھیلے۔

متعلقہ عنوان :