بہاریہ مکئی کی بہتر پیداوارکے حصول کے لیے جڑی بوٹیوں کے بروقت تدارک کی ہدایت ، محکمہ زراعت

پیر 19 فروری 2018 15:12

فیصل آباد۔19 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2018ء)کاشتکاروںکوبہاریہ مکئی کی فی ایکڑ بہتر پیداوارکے حصول کے لیے جڑی بوٹیوں کے بروقت تدارک کی ہدایت کردی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ اگر جڑی بوٹیوں کی تلفی میں تاخیر ہوجائے تو پیداوار میں 15سی20فیصد تک کمی ہوسکتی ہے کیونکہ جڑی بوٹیاں فصل کے ساتھ خوراکی اجزاء ہوا، پانی اور روشنی کے حصول میں حصہ دار بننے کے ساتھ دوسرے اہم کاشتی امور انجام دینے میں رکاوٹ کا باعث بنتی ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ جڑی بوٹیاں نقصان رساں کیڑوں کی آماجگاہ کے طور پر بھی کام کرتی ہیں اور مکئی کی فصل میں ڈیلا، کھبل، مدھانہ ، چاندنی، دھودک، تاندلہ، اٹ سٹ، لہلی، کرنڈ، بھکڑ، ہزاردانی اورکلفہ جڑی بوٹیاں پائی جاتی ہیںجن کی بروقت تلفی کیلئے فصل کی گوڈی کرناضروری ہے ۔انہوںنے کہاکہ کاشتکاروٹوں کے بغیر کاشتہ مکئی کی اچھی پیداوار لینے کیلئے ابتدائی مراحل میں دو تین گوڈیاں کریں اوردوسری یا تیسری گوڈی کے موقع پر کھیلیاں بنا نے کے علاوہ پودوں کے ساتھ مٹی چڑھا دیں تاکہ آندھی کی صورت میں فصل گرنے سے محفوظ رہے۔انہوںنے کہاکہ کاشتکار گوڈی کے دوران پودے کی جڑوں کو متاثر نہ ہونے دیںاور کھیلیوں پر کاشت کی گئی مکئی میں گوڈی نہ کریں ۔