محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے مڑیچہ اور بریلہ نسل کی اونٹنیوں کے خالص دودھ کی فروخت شروع کر دی گئی

پیر 19 فروری 2018 17:35

فیصل آباد۔19 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2018ء)فیصل آباد میں محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے مڑیچہ اور بریلہ نسل کی اونٹنیوں کے خالص و تازہ دودھ کی فروخت شروع کر دی گئی ہے جبکہ انمول کیمل ملک کے نام سے سپر آئیڈل بیکرز اور ایس بی سپر سٹورز کی تمام برانچز پر فروخت کیا جانے والا اونٹنی کا بوتلوں میں حفظان صحت کے اصولوں کے تحت پیک دودھ کولیسٹرول کم ، شوگر گھٹانے ، وٹامن سی میں اضافہ اور پروٹین سمیت زبردست قوت مدافعت پیدا کرنے کا حامل ہے نیزامراض قلب ، کالا یرقان ، جلدی امراض کے مریضوں کو بھی انمول کیمل ملک استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جس میں انسولین فیکٹر 50یونٹ سے زائد فی لیٹر اور وٹامن سی بھی 30فیصد زائد ہے جس کی وجہ مڑیچہ اور بریلہ نسل کی اونٹنیوں کا قدرتی جڑی بوٹیاں کھانا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ گزشتہ روز سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب نسیم صادق کی ہدایت پر فیصل آباد کے شہریوں کیلئے سپر آئیڈیل بیکرز اور ایس بی سپر سٹورز پر اونٹنی کے دودھ کی ایک لیٹر پر مشتمل 220 بوتلیں فروخت کیلئے سپلائی کی گئیں ۔ انہوں نے بتایاکہ ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد نواز ملک نے سیلز پوائنٹس کا دورہ کرکے انمول ملک کی دستیابی کا جائزہ لیا جبکہ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر صالحہ گل ‘ سینئر ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر ندیم بھٹی ‘ میڈیا ڈیمانسٹریٹر علی بہادر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے سنٹرز پر غذائی خوبیوں کے حامل اونٹنی کے دودھ کی خریداری کیلئے آئے ہوئے صارفین سے ملاقات کی اور انہیں دودھ کی اہمیت و افادیت اور استعمال کے طریقوں سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں تک اونٹنی کے خاص دودھ کی فراہمی محکمہ لائیو سٹاک کی خصوصی کاوشوں کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اونٹنی کے دودھ کی سپلائی میں بھی اضافہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اونٹی کا دودھ شوگر سمیت دیگر بیماریوں کے مریضوں کیلئے فائدہ مند ہونے کے ساتھ کم کولیسٹرل کا حامل ہے ۔ اس موقع پر اونٹنی کا دودھ خریدنے آئے شہریوں نے سیکرٹری لائیو سٹاک نسیم صادق کے اقدام کو سراہا ۔