سینیٹر سراج الحق کی جانب سی اسلام آباد میں پاکستان، ترکی، برازیل اور نیپال کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اعزاز میں عشائیہ

پیر 19 فروری 2018 21:50

سینیٹر سراج الحق کی جانب سی اسلام آباد میں پاکستان، ترکی، برازیل اور ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی جانب سے اسلام آباد میں پاکستان، ترکی، برازیل اور نیپال کے درمیان کھیلے گئے چار ملکی فٹ سال ٹورنامنٹ کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا، جس میں ترک سفیر مصطفی یرداکل اور برازیل کے نائب سفیر شاویز ایم فیبیو نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر چاروں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے تعارف بھی کرایا گیا۔ تقریب میں ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی عبدالغفار عزیر بھی موجود تھے۔ عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پوری انسانیت اور مخلوق اللہ کا کنبہ اور ایک انسان آدمؑ کی اولاد ہے۔ حکومتوں اور ممالک کو چاہئے کہ وہ جنگوں کی بجائے اپنے عوام کو تعلیم ، صحت اور روزگار دینے کے ساتھ ساتھ ان کیلئے مختلف کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں کا اہتمام کریں جن سے مختلف ملکوں میں بسنے والے لوگوں کے درمیان محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ مثبت سرگرمیوں کے فروغ سے صحت مند ماحول اور مثبت سوچ پیدا ہوتی ہے جس سے انسانوں کے درمیان اخوت و محبت بڑھتی ہے۔ ایک دوسرے کے حالات سے آگاہی ہوتی ہے اور باہمی عزت و احترام کے رشتے پروان چڑھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دنیا بھر کے انسانوں کو محبت کی لڑی میں پرو کر ان کے درمیان نفرتوں کی آگ کو بجھانا چاہتاہے۔ اگر مختلف ممالک کے لوگ ان مثبت سرگرمیوں کے ذریعے اپنے درمیان امن کو فروغ دیں تو عالمی امن کے قیام اور جنگ و جدل کے خاتمہ کیلئے نہایت مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی طرف سے چاروں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو فٹ بال کے تحائف بھی دیئے گئے۔

متعلقہ عنوان :