طلبہ اور تربیت یافتہ افرادی قوت ہی ہمارا اصل اثاثہ ، آزاد کشمیر اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی ضامن ہے ،سردار مسعود خان

کھیلوں کے فروغ سے علاقائی ونسلی تعصبات کا خاتمہ ہو جاتا ہے ، آزاد کشمیر کے تمام تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے لیے انفراسٹرکچر ، کھیلوں کے میدان ، تربیت یافتہ عملہ و کوچزکے علاوہ دیگر ضروری لوازمات مہیا کریںگے، کامیاب کھلاڑی کسی بھی ملک کے لیے ایک بہترین سفیر ثابت ہو سکتا ہے صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان کا تقریب سے خطاب

پیر 19 فروری 2018 22:10

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 فروری2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ ہمارے طلبہ اور تربیت یافتہ افرادی قوت ہی ہمارا اصل اثاثہ ہیں جو کہ آزاد کشمیر اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے ضامن ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزاد جموں وکشمیر نے آج آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کی جانب سے کھیلوں کے حوالے سے تقسیم انعامات کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صدر نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی ادارے قوم کی ترقی میں ہمیشہ ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں اور یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل نوجوان ہی اس قوم کے مستقبل کے معمار ہیں۔ صدر آزاد جموں وکشمیر نے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک اپنے نوجوانوں کی نشو ونما کے لیے کھیلوں کے میدان آباد کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

صدر ریاست نے کہا کہ نصابی سرگرمیوں کی ساتھ ساتھ کھیلوں اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں سے نوجوانوں کے اندر خود اعتمادی و قوت برداشت کا مادہ پیدا ہوتا ہے اور کھیلوں سے نوجوانوں میں محبت ، ہمدردی و یگانگت کے جذبات پروان چڑھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے علاقائی ونسلی تعصبات کا خاتمہ ہو جاتا ہے اور نوجوانوں میں نظم و ضبط پید اہوتا ہے ، نوجوان وقت کی پابندی کرنا بھی سیکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نظم و ضبط اور وقت کی پابندی کرنے والی قومیں دنیا کے ہر میدان میں ہمیشہ کامیاب رہتی ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے تمام تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے لیے انفراسٹرکچر ، کھیلوں کے میدان ، تربیت یافتہ عملہ و کوچزکے علاوہ دیگر ضروری لوازمات مہیا کریںگے، تاکہ تمام طلباء کو بلا تخصیص کھیلوں میں حصہ لینے کا موقع مل سکے۔

ہماری خواہش ہے کہ آزاد کشمیر کے نوجوانون بین الاقوامی سطح پر کھیلوں میں حصہ لینے کے قابل ہو سکیںاور پاکستان و آزاد کشمیر کا نام روشن کرسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب کھلاڑی کسی بھی ملک کے لیے ایک بہترین سفیر ثابت ہو سکتا ہے۔ سردار مسعود خان نے اس موقع پر راولاکوٹ آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے کرکٹر سلمان ارشاد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے فخر و حوصلہ افزائی کی بات ہے کہ آزاد کشمیر کا یہ نوجوان پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندر کی طرف سے کھیلے گا۔

انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ انشاء اللہ اگلے سال کشمیر کے مزید نوجوان بھی پاکستان سپر لیگ کا حصہ بنیں گے اور وہ وقت دور نہیں کہ آزاد کشمیر کی اپنی کرکٹ ٹیم ہوگی۔ وائس چانسلر آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی مظفرآباد میں کھیلوں کے لیے جملہ سہولیات دستیاب ہیں تاہم قومی سطح پر بین الجامعات مقابلوں کے لئے ان کے پاس باہرسے آنے والے کھلاڑیوں کی رہائش کا بندوبست نہیں ہے۔

صدر ریاست نے کہا کہ وہ کنگ عبد اللہ یونیورسٹی کیمپس میں کھلاڑیوں کی رہائش کے لیے 10کمروں پر مشتمل ہاسٹل کی عمارت کی تعمیر کے لیے خصوصی غور کریں گے۔ صدر ریاست نے وائس چانسلر اور ان کی انتظامیہ کی جانب سے کھیلوں کے انعقاد کے سلسلہ میں کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ کھیلوں کی یہ سرگرمیاں مستقبل میں بھی اسی طرح جاری رہیں گی۔

انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ غیر نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اپنی تدریس پر پوری دیں اور اپنی فیلڈ میں مکمل مہارت حاصل کریں تاکہ مسابقت کی دوڑ میں پیچھے نہ رہیں۔ تقریب میں وائس چانسلر آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرمحمد کلیم عباسی، پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سہیل ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ، زین العابدین ڈائریکٹر سپورٹس ، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :