پختونوں کے ساتھ امتیازی رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں ، پختونوں کے ساتھ امتیازی سلوک کا سلسلہ فوری طور پر بند ہو نا چاہیے کیونکہ اس کے منفی اثرات سے پختونوں میں پائی جانے والی محرومی اور بے چینی میں مزید اضافہ ہو گا، آفتاب شیر پائو کا بیان

پیر 19 فروری 2018 22:31

پختونوں کے ساتھ امتیازی رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں ، پختونوں کے ساتھ ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 فروری2018ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا ہے کہ پختونوں کے ساتھ امتیازی رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں ۔انھوں نے کہا کہ پختونوں کے ساتھ امتیازی سلوک کا سلسلہ فوری طور پر بند ہو نا چاہیے کیونکہ اس کے منفی اثرات سے پختونوں میں پائی جانے والی محرومی اور بے چینی میں مزید اضافہ ہو گا۔

اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ نقیب اللہ محسودواقعہ اور اس قسم کے دوسرے واقعات نے پختونوں کی تکالیف اور پریشانیوں میں اضافہ کردیا جبکہ بعض لوگ رائو انور کے حق میں بیان بازی کررہے ہیں جو پختونوں کی زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے اور اس سے ان کی دل آزاری ہوئی ہے۔انھوں نے کہا کہ پختون محب وطن شہری ہیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں ان کا نمایاں کردار رہا ہے جبکہ اس قسم کے تعصبانہ رویوں سے نہ صرف ان میں مایوسی پھیل رہی ہے بلکہ ان کے امن پسند اور محب وطن تشخص کو بھی نقصان پہنچایا جا رہا ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ نقیب اللہ محسود اور اس قسم کے دوسرے واقعات جس میں پختونوں کوملک کے دیگر حصوں میں بلاجواز ہراساں کیا جارہا ہو سے انکی محرومیوں کو تقویت ملی جو کہ نہ صرف قابل تشویش امر ہے بلکہ وفاق کیلئے بھی نقصان دہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے کسی بھی کھونے میں پختونوں کے ساتھ د وسرے درجے کے شہریوں جیسا رویہ روا رکھناکسی صورت مناسب نہیں اور اس کے خلاف قومی وطن پارٹی ہر محاذ اور ہر فورم پر جدوجہد کرے گی ۔