پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف ہیں اور پی آئی اے ملازمین کی مراعات ختم نہیں ہونے دیں گے،ڈاکٹر عارف علوی

ہم پی آئی اے انصاف فرنٹ یونین اور پی آئی اے کے مظلوم ملازمین کے ساتھ کھڑے ہیں،رہنماتحریک انصاف

پیر 19 فروری 2018 23:13

پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف ہیں اور پی آئی اے ملازمین کی مراعات ختم ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر ایم این اے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہم پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف ہیں اور پی آئی اے ملازمین کو تنخواہوں کے ساتھ جو مراعات دی جاتی ہیں ان سے مختلف حیلوں بہانوں سے محروم کرنے کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ یہ بات انہوں نے لیبر ونگ کے ایک ہنگامی اجلاس منعقدہ پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی کی صدارت کے دوران کہی۔

مذکورہ اجلاس میں پی آئی اے انصاف فرنٹ یونین کے تمام ممبران نے شرکت کی۔ اس میں پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے خصوصی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارے کے ملازمین اس بات پر انتہائی ذہنی اذیت اور پریشانی کا شکار ہیں۔ پی آئی اے انصاف فرنٹ یونین کے ذمہ داران نے اس تمام صورتحال سے ڈاکٹر عارف علوی اور پی ٹی آئی لیبر ونگ کے ذمہ داران کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران ڈاکٹر عارف علوی نے ن لیگ کی طرف سے پی آئی اے کی نجکاری کے فیصلے کی انتہائی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پی ٹی آئی نجکاری کے حوالے سے کیے گئے تمام فیصلوں کو ہم یکسر مسترد کرتے ہیں ۔ہم تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے اس کے خلاف ایک بھرپور لائحہ عمل کا اعلان کریں گے جس کے تحت ن لیگ کے خلاف شدید احتجاج کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان 4مارچ کو کراچی آرہے ہیں۔ ائیر پورٹ پر عمران خان پی آئی اے کے ملازمین سے خطاب کریں گے۔ اس موقعے پر پی ٹی آئی لیبر ، ڈاکٹر عارف علوی اور پی آئی اے انصاف فرنٹ یونین کی طرف سے ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف پی آئی اے میں ریفرنڈم کا مطالبہ کرتی ہے اور ہم پی آئی اے انصاف فرنٹ یونین اور پی آئی اے کے مظلوم ملازمین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ملازمین کو ان کی بنیادی مراعات سے محروم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ اس موقعے پر لیبر ونگ سندھ کے صدر گل نمروز خان، نائب صدر فضل وہاب ، لیبر ونگ کراچی کے صدر سربلند خان، جنرل سیکرٹری نعیم عادل شیخ اور شانی شاہ اور پی آئی اے انصاف فرنٹ یونین کے ذمہ داران نصیر احمد، حکم داد اعوان، اصغر لغاری، حفیظ خان اور چوہدری منور اور دیگر ساتھی بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :