حریت رہنمائوں کی سانحہ کنن پوشپورہ کے متاثرین سے ہمدردی اور اظہار یکجہتی

بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں اجتماعی بے حرمتی کا نشانہ بننے والی خواتین آج بھی انصاف کی منتظر ہیں، مشترکہ بیان

منگل 20 فروری 2018 18:06

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنمائوں شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر ، امتیاز احمد ریشی،محمد آحسن انتو اورغلام نبی وار نے سانحہ کنن پوشپورہ کے متاثرین کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنمائوںنے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں افسوس ظاہر کیا کہ 27 سال گزرجانے کے باوجود اس سنگین جرم میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں اجتماعی بے حرمتی کا نشانہ بننے والی خواتین آج بھی انصاف کی منتظر ہیں۔22اور23فروری1991ء کی درمیانی رات کو بھارتی فوجیوں نے ضلع کپواڑہ کے علاقے کنن پوشپورہ میں تلاشی کی کارروائی کے دوران تیرہ سال سے اسی سال تک کی عمر کی تقریباً سوخواتین کی عصمت دری کی تھی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کشمیری خواتین کے عزم وحوصلے اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے جس درندگی اور سفاکیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے درجنوںکشمیری خواتین کی بے حرمتی کی اس کی مثال موجودہ انسانی تاریخ میں نہیں ملتی۔

انہوںنے انسانی حقوق کے اداروںسے اپیل کی کہ وہ اس سانحہ میں ملوث فوجیوں کے خلاف سخت کارروائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں تاکہ متاثرہ خواتین کو انصاف مل سکے میں مستقبل میں اس طرح کے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔حریت رہنمائوںنے کہاکہ یہ سانحہ بھارت کی نام نہاد جمہوریت پر ایک سیا ہ داغ ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی عدالتوں میں کشمیریوں کو انصاف ملنا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہے ۔

انہوںنے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے سوال کیا کہ کنن پوش پورہ اجتماعی عصمت دری کے متاثرین مسلسل انصاف سے محروم کیوں محروم ہیں اور ان کے ساتھ دوہرا معیارکیوں اختیار کیا جارہا ہے۔حریت رہنمائوںنے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اس واقعے کی سنگینی کو مدنظر میںرکھتے ہوئے اس سانحے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔ادھر شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر ،امتیاز احمد ریشی،محمد آحسن انتو اورغلام نبی وارنے بڈ گام میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں ایک ذہنی طور پرمعذورشہری کے قتل کی بھی شدید مذمت کی ہے ۔