پرویزمشرف نے وزیراعظم کیلئے شہبازشریف کونوازشریف سے بہترقرار دےدیا

شہبازشریف، نواز شریف سے بہتروزیراعظم ثابت ہوسکتےہیں،خواہش ہےکہ نئے انتخابات نہ ہوں،موجودہ کشیدہ صورتحال کے باعث نئے انتخابات میں عوام کا نقصان ہی ہوگا۔سابق صدرجنرل(ر)پرویز مشرف کانجی ٹی وی کوانٹرویو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 20 فروری 2018 18:52

پرویزمشرف نے وزیراعظم کیلئے شہبازشریف کونوازشریف سے بہترقرار دےدیا
دبئی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 فروری 2018ء) : آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف نے ن لیگ کے نامزد وزیراعظم شہبازشریف کی حمایت کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف، نواز شریف سے بہتر وزیراعظم ثابت ہوسکتے ہیں،خواہش ہے کہ نئے انتخابات نہ ہوں،موجودہ صورتحال کے باعث نئے انتخابات میں عوام کا نقصان ہی ہوگا۔ انہوں نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کو ان کی پارٹی کے سیاستدان تسلیم نہیں کریں گے۔

شہباز شریف، نواز شریف سے بہتر وزیراعظم ثابت ہوں گے ۔ پرویز مشرف نے ایم کیو ایم پاکستان کے تنظیمی بحران کے حوالے سے کہا کہ فاروق ستار سمیت ایم کیو ایم کے کسی دھڑے میں قائدانہ صلاحیتیں نہیں۔میرا ویژن وسیع ہے لیکن ایم کیو ایم اس میں فٹ نہیں ہوتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو مہاجروں کا ترجمان سمجھنا سطحی سوچ ہے۔ ایم کیو ایم کے رہنما تو مزے کرتے ہیں مگرعوام مصیبتوں میں مبتلا ہے اور مہاجر عوام اور دیگر قومیتوں کو آپس میں لڑوایا جاتا ہے۔

کراچی میں نئے انتخابات میں دھڑے بندی کے باعث اتحادی سیاست ہوگی۔سابق صدرنے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان میں بھی وژن نہیں ہے البتہ ان کی شخصیت پرکشش ہے۔ میں حقیقی لیڈرشپ پر یقین رکھتا ہوں جو نئے آئیڈیاز کے ساتھ آئے۔ اس موقع پرپرویز مشرف نے ملکی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ نئے انتخابات نہ ہوں۔

کیونکہ موجودہ صورتحال کے باعث نئے انتخابات میں عوام کا نقصان ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا سپریم غیر معینہ مدت کی عبوری حکومت کے قیام کا فیصلہ دے۔ جو سیکیورٹی، ترقی اور ملکی خوشحالی کے لیے کام کرے اور اس کے بعد الیکشن ہوں۔ماضی میں عدالت فوجی اقدام کو جائز قرار دیتی رہی ہے۔ تاہم اب عدالت فوجی مداخلت کو غیر قانونی قرار دے چکی ہے۔ اس لیے اب سپریم کورٹ کو ہی کوئی فیصلہ لینا ہوگا۔پرویز مشرف نے مزدی کہا فوجی مداخلت پر پابندی لگا کرملکی سیکیورٹی کو داؤ پر لگا دیا گیا ہے۔