تحصیل کونسل ممبران کے احتجاج کے بعد ٹی او آئی شیخ امجد کا تبادلہ

بدھ 21 فروری 2018 09:30

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2018ء) تحصیل کونسل ممبران کے احتجاج کے بعد ٹی او آئی شیخ امجد کے تبادلہ کے نوٹیفکیشن کے بعد تحصیل کونسل ممبران نے احتجاج موخر کر دیا۔ ٹی ایم اے کے ٹی او آئی شیخ امجدحسین کی جانب سے ترقیاتی کاموں میں مبینہ گھپلوں پر تحصیل کونسل ممبران نے احتجاج شروع کر دیا تھا۔ گذشتہ روز تحصیل ناظم اسحاق سلیمانی اور نائب ناظم سردار شجاع احمد کی قیادت میں تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن)، جماعت اسلامی کے ممبران تحصیل پشاور پہنچے جہاں انہوں نے سیکرٹریٹ میں احتجاج کیا۔

تحصیل ممبران کے احتجاج کی اطلاع ملتے ہی صوبائی وزیر بلدیات عنایت الله ممبران کے پاس پہنچ گئے اور ٹی او آئی شیخ امجد حسین کو فوری طور پر تبدیل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

(جاری ہے)

تحصیل ممبران نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ شیخ امجد حسین کو کرپشن کے الزام کے بعد ایبٹ آباد سے ہٹانے کی بجائے اسے سٹی بیوٹی فکیشن پراجیکٹ کا انچارج لگا دیا گیا ہے اور تمام ترقیاتی کاموں میں وسیع پیمانے پر گھپلے کئے جا رہے ہیں۔

ایک ارب 30 کروڑ روپے کا خطیر فنڈ ضائع ہو رہا ہے، اگر شیخ امجد حسین کو فوری طور پر برطرف نہ کیا گیا تو تمام تحصیل ممبران غیر معینہ مدت تک احتجاجی دھرنا دیں گے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات نے سیکرٹری بلدیات کو احکامات جاری کئے کہ فوری طور پر ٹی او آئی شیخ امجد حسین کو ایبٹ آباد سے تبدیل کریں جس پر سیکرٹری بلدیات نے ٹی او آئی شیخ امجد حسین کے تبادلہ کا حکم صادر کر دیا جس کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ٹی او آئی شیخ امجد حسین کو ہری پور میں تعیناتی کے دوران محکمہ اینٹی کرپشن نے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا اور ٹی او آئی شیخ امجد حسین تحصیل کونسل کے ممبران سے بھی کمیشن مانگ رہا تھا۔

متعلقہ عنوان :