علاقہ کی ترقی سرکاری افسران، عوامی نمائندوں اور عوام کی ذمہ داری ہے، ڈپٹی کمشنر ہری پور

بدھ 21 فروری 2018 09:30

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2018ء) ڈپٹی کمشنر ہری پور فیاض علی شاہ نے کہا ہے کہ علاقہ کی ترقی و خوبصورتی سرکاری افسران یا عوامی نمائندوں کے علاوہ عوام کی بھی ذمہ داری ہے، اس ذمہ داری سے عہدہ برآ ہونے والے لوگ ہی حقیقی معنوں میں ایک ذمہ دار شہری ہوتے ہیں، میرا درخت میری جان سکیم کا مقصد شہریوں میں شجرکاری کے حوالہ سے شعور پیدا کرنا ہے، اس مہم کی کامیابی کیلئے ہر مکتبہ فکر کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

وہ گذشتہ روز ناظم ملکیار ملک فیصل اقبال کی جانب سے شجر کاری مہم کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ ڈی پی او ہری پور سید خالد محمود ہمدانی، صدر پریس کلب ذاکر حسین تنولی، اے ڈی او پی اینڈ ڈی حافظ سرفراز خان، ڈسٹر کٹ بار کے لائبریری سیکرٹری وقاص احمد ایڈووکیٹ کے علاوہ عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ہری پور نے مزید کہا کہ اس وقت ہم شدید ترین ماحولیاتی بحران کا شکار ہیں، لوگوں کو سانس لینے کے لئے صاف فضاء نہیں مل رہی ہے، کمرشل ازم کے باعث درخت ختم ہو کر ان کی جگہ عمارتیں و پلازے مکان بن رہے ہیں جبکہ درختوں کی قلت کے باعث زمینی کٹائو اور سیلاب جیسی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ایسے میں شجر کاری کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک فیصل اقبال کی جانب سے شروع کردہ مہم انتہائی قابل تحسین اور قابل تقلید ہے، دیگر ناظمین اور علاقوں کے لوگوں کو بھی از خود اسی طرح آگے بڑھتے ہوئے شجرکاری کے فروغ کیلئے کام کرنا چاہئے۔ ڈی پی او خالد محمود ہمدانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درختوں کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں، یہ بنی نوع انسان کی بقاء کی نشانی ہے، مہذب معاشرے اور ترقی یافتہ ممالک میں شجرکاری پر بھرپور توجہ دی جاتی ہے، بدقسمتی سے پاکستان میں اس حوالہ سے صورتحال مایوس کن ہے تاہم موجودہ ضلعی انتظامیہ جس طرح شجرکاری کے فروغ کیلئے کام شروع کیا اور گراس روٹ لیول پر اس مہم کو لیکر گئے ہیں، اس کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور ان کاوشوں کا ثمر آئندہ آنے والے سالوں میں نظر آئے گا۔

اس موقع پر مہمان شخصیات کے علاوہ عمائدین علاقہ نے اپنے اپنے نام کے پودے لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔