ہری پور کی تعمیر و ترقی کیلئے اربوں روپے کے منصوبے لائے ہیں، اکبر ایوب خان

بدھ 21 فروری 2018 09:30

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2018ء) صوبائی مشیر مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان نے کہا کہ ہم نے بلاتفریق عوامی خدمت کو شعار بناتے ہوئے کروڑوں کے نہیں اربوں کے منصوبے ضلع ہری پور کی تعمیر و ترقی کیلئے لائے ہیں، ہمارے میگا پراجیکٹس کے ثمرات سے آنے والی نسلیں مستفید ہوں گی۔ وہ محلہ رحمت آباد سرائے صالح میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہری پور بائی پاس، یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی وہ منصوبہ جات ہیں جو ترقی کی جانب ہمیں لے کر جائیںگے۔ انہوں نے کہا کہ رحمت آباد سمیت پورے سرائے صالح میں ترقی کا پہیہ گھوم رہا ہے۔ اس موقع پر سردار گلباز، سردار نیاز، شوکت علی، ساجد خان، امجد شاہ، تنویر شاہ، احمد زمان اور نیئر لودھی کے علاوہ معززین علاقہ موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مشکلا ت کے پیش نظر مختلف شعبوں میں کروڑوں کی فنڈنگ کی گئی ہے، ہمارا مقصد اول عوام کے مسائل حل کرنا ہے، آئندہ انتخابات میں صوبہ بھر میں ایک مرتبہ پھر پرویز خٹک کی قیادت میں با آسانی حکومت تشکیل دیں گے۔