شام میں بچوں کی ہلاکتوں پر الفاظ ختم، یونیسیف کااحتجاجاً خالی اعلامیہ جاری

خالی اعلامیہ یونیسیف کی ویب سائٹ پر بھی موجود،جاری کرتے ہوئے اعلامیہ کے ساتھ ایک یادداشت منسلک

بدھ 21 فروری 2018 15:50

عمان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2018ء) اقوام متحدہ کے ذیلی ادارہ برائے اطفال (یونیسیف) نے جنگ زدہ ملک شام میں بمباری کے باعث بچوں کی مسلسل ہلاکتوں پر احتجاجاً خالی اعلامیہ جاری کردیا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بین الاقوامی چلڈرن ایمرجنسی فنڈ (یونیسیف) نے شام کے مشرقی علاقے غوطہ میں بمباری کے نتیجے میں 39 بچوں کے جاں بحق ہونے پر بہ طور احتجاج خالی اعلامیہ جاری کیا جس کے آغاز پر مضمون کی جگہ پر یہ سطر تحریر کی گئی کہ کوئی الفاظ ان جاں بحق بچوں، ان کے ماں باپ اور پیاروں کو انصاف نہیں دلا سکتے۔

اس کے بعد پورا صفحہ خالی چھوڑ دیا گیا ہے۔یہ خالی اعلامیہ یونیسیف کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہے اور نشریاتی اداروں کو جاری کرتے ہوئے اعلامیہ کے ساتھ ایک یادداشت بھی منسلک کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شام میں معصوم بچوں کی ہلاکتوں پر خالی اعلامیہ جاری کیا گیا کیوں کہ کسی لغت میں وہ الفاظ موجود نہیں جو ایسے سانحات اور مظالم کو بیان کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔

(جاری ہے)

یونیسیف کے ریجنل ڈائریکٹر برائے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ نے بین الااقوامی خبررساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے دوران سب سے زیادہ نقصان بچوں کی ہلاکتوں کی صورت میں سامنے آتا ہے کیوں اس طرح ہمارا مستقبل منوں مٹی تلے دب جاتا ہے، ہمیں ایسے الفاظ نہیں مل رہے ہیں جو ان کرب ناک سانحات کا احاطہ کرسکتے ہوں۔

متعلقہ عنوان :