شریف خاندان کی چھٹی، نواز شریف کی نااہلی کے چند گھنٹے بعد ہی ن لیگ میں بڑی بغاوت نے سر اٹھا لیا

رہنماوں کی اکثریت نے پارٹی صدر کیلئے اپنی حمایت کا وزن چوہدری نثار کے پلڑے میں ڈال دیا، حمایت کرنے والوں میں کئی مخالف رہنما بھی شامل

muhammad ali محمد علی بدھ 21 فروری 2018 23:07

شریف خاندان کی چھٹی، نواز شریف کی نااہلی کے چند  گھنٹے بعد ہی ن لیگ میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 فروری2018ء) ن لیگ کے رہنماوں کی اکثریت نے پارٹی صدر کیلئے اپنی حمایت کا وزن چوہدری نثار کے پلڑے میں ڈال دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے بدھ کے روز انتخابی اصلاحات ایکٹ کیس سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو مسلم لیگ ن کی صدارت کے عہدے کیلئے بھی نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے نواز شریف کو فوری پارٹی صدارت سے ہٹاتے ہوئے ان کی جانب سے بطور صدر کیے گئے تمام فیصلوں کو کالعدم قرار دینے کا حکم دیا۔

الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے نواز شریف سے ن لیگ کی صدارت کا عہدہ واپس لے لیا ہے۔ نواز شریف کی نااہلی کے بعد ن لیگ کے نئے صدر کے انتخاب کیلئے کئی ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شہباز شریف، مریم نواز اور کلثوم نواز میں سے کسی ایک کو صدر بنائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔ تاہم اب اچانک سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کی اںٹری ہوئی ہے۔

لیگی رہنماوں کی اکثریت نے پارٹی صدر کیلئے اپنی حمایت کا وزن چوہدری نثار کے پلڑے میں ڈال دیا ہے۔ حمایت کرنے والوں میں اب کئی مخالف رہنما بھی شامل ہوگئے ہیں۔ چوہدری نثار کے پارٹی صدر بننے کی صورت میں ن لیگ پر شریف خاندان کے اثر رسوخ میں واضح کمی آنے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے کچھ روز میں صورتحال واضح ہو جائے گی۔