سینیٹ انتخابات: راجہ ظفرالحق کے جاری کردہ پارٹی ٹکٹ مسترد ‘نون لیگی امیدواروں کو آزاد قراردیدیاگیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 22 فروری 2018 17:06

سینیٹ انتخابات: راجہ ظفرالحق کے جاری کردہ پارٹی ٹکٹ مسترد ‘نون لیگی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 فروری۔2018ء) الیکشن کمیشن پاکستان نے سینیٹ انتخابات کے لیے مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ ظفرالحق کی جانب سے جاری ہونے والے نئے پارٹی ٹکٹوں کو مسترد کردیا ہے۔الیکشن کمیشن کے فیصلے کے ساتھ ہی مسلم لیگ (ن) بطور سیاسی جماعت سینیٹ الیکشن سے باہر ہو گئی اور پارٹی کے امیدواروں کو آزار قرار دے دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی شیڈول کے جاری ہونے کے بعد کسی بھی سیاسی جماعت کی جانب سے نئے ٹکٹس نہیں جمع کروائے جاسکتے۔تاہم اب سینیٹ انتخابات میں حکمراں جماعت کے امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں۔ اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ ظفرالحق نے سینیٹ انتخابات میں پارٹی امیدواروں کو نئے ٹکٹس جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے پاس بھی پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کا اختیار حاصل ہے اور میرے پاس پہلے سے ہی اس کی اتھارٹی موجود ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں نواز شریف کی پارٹی صدارت سے نااہلی اور تمام فیصلے کالعدم ہونے کے بعد ان کی طرف سے (ن) لیگ کے سینیٹ امیدواروں کو جاری کردہ ٹکٹوں کے مسئلے پر الیکشن کمیشن پاکستان کا اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اسی دوران مسلم لیگ (ن) نے اپنے سینیٹ امیدواروں کو نئے ٹکٹ جاری کرکے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کرادیے۔ نئے ٹکٹ مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ ظفر الحق کے دستخطوں سے جاری کئے گئے تاہم الیکشن کمیشن نے نئے پارٹی ٹکٹ مسترد کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو آزاد قرار دے دیا۔

چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں الیکشن کمیشن کے ارکان، سیکرٹری ، چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز، ڈی جی لاءاور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے سینیٹ امیدواروں کی قانونی حیثیت پر غور کیا گیا۔ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے نون لیگ کے امیدواروں کو آزاد قرار دے دیا۔

اس فیصلے کے نتیجے میں مسلم لیگ (ن) سیاسی جماعت کی حیثیت سے سینیٹ الیکشن سے آﺅٹ ہوگئی ہے۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے اجلاس میں 4 آپشنز پر غور کیا گیا۔ کمیشن نے سینیٹ انتخابات کو ملتوی کرنے، نون لیگ کے امیدواروں کو آزاد امیدوار قرار دینے، نیا پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کیلئے وقت دینے اور امیدواروں کی قانونی حیثیت پر سپریم کورٹ سے رہنمائی لینے کے آپشنز پر غور کیا گیا۔ الیکشن کمیشن تمام آپشن پر غور کرکے ن لیگ کے امیدواروں کو آزاد امیدوار قرار دینے کا فیصلہ کیا۔

متعلقہ عنوان :