مقبوضہ کشمیر ،ْ محمد یاسین ملک اور دیگر حریت رہنما گرفتار

کم سن بچی کے قاتلوں کو سزائے موت دی جائے۔۔۔ مشترکہ حریت قیادت

جمعرات 22 فروری 2018 17:48

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے جموں خطے کے ہندو اکثریتی ضلع کٹھوعہ کے علاقے ہیرا نگر میں ایک آٹھ سالہ بچی آصفہ کی آبروریزی اور قتل کے حالیہ واقعے کے خلاف آج سرینگر میں نکالی گئی ایک احتجاجی ریلی کے دوران متعدد حریت رہنمائوں اور کارکنوں کوگرفتار کر لیا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت کے زیراہتمام آبی گزر سرینگر میں جمع ہو کر لالچوک کی طرف ریلی نکالنے کی کوشش کی تاہم بھارتی پولیس نے ریلی کے شرکا پر دھاوا بول کر محمد یاسین ملک، یاسمین راجہ، شوکت احمد بخشی ، شیخ عبدالرشید، عمر عادل ڈاراور پروینہ آہنگر سمیت کئی حریت رہنمائوں اور کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

گرفتاری سے قبل محمدیاسین ملک نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا جبکہ سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق نے بھی پریس کانفرنس سے ٹیلیفونک خطاب کیا۔ مشترکہ حریت رہنمائوں نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کم سن بچی کے اہلخانہ کو انصاف کی فراہمی کے جموںخطے کے مسلمانوں کے مطالبے کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے معصوم بچی کی آبروریزی اور قتل میں ملوث تمام مجروں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا۔

مشترکہ حریت رہنمائوں نے افسوس ظاہر کیا کہ قابض انتظامیہ المناک واقعے کے مجرموں کو تحفظ فراہم کررہی ہے اور جموں خطے کے مسلمانوں کو ہراساں کر رہی ہے۔ انہوں نے جموں خطے کے مسلمانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ ادھرسرینگر میں مقبوضہ کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں کم سن آصفہ بانو کی بے حرمتی اور قتل کے خلاف آواز بلند کرنے پرہیرانگر میں ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے گجر بکر وال برادری کے افراد کوہراساں کرنے کی شدید مذمت کی گئی ۔

حریت رہنمائوںاور تنظیموں بشمول محمد یاسین ملک ، جاوید احمدمیر ،ظفر اکبربٹ اور جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے اپنے بیانات میں پائیلٹ ندیم خطیب کو انکی شہادت کی برسی پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ندیم خطیب امریکہ میں آرام دہ زندگی بسر کررہے تھے تاہم انہوںنے جدوجہد آزادی میں شمولیت اختیار کر کے کشمیر کاز کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کے جنرل سیکریٹری معراج الدین صالح اور دیگر مقررین نے سرینگر میں پارٹی کے ایک اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے بھارت پر زوردیا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر اپنی ہٹ دھرمی پر مبنی رویہ ترک کر دے ۔ پارٹی کے صدر محمد سلطان ماگرے نے ویڈ یو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کیا۔دریں اثناء ضلع بانڈی پورہ میں حاجن کے علاقے پاریبل میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران بھارتی فوجیوں پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک فوجی زخمی ہو گیا ۔ فوجی کارروائی کے خلاف علاقے میں لوگوںنے زبردست مظاہرے کئے ۔

متعلقہ عنوان :