محکمہ زراعت کا گندم کے بھوسہ کو محفوظ کرنے کیلئے توڑی بنانے والی مشینوںکو فروغ دینے کااعلان

جمعہ 23 فروری 2018 15:06

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) محکمہ زراعت نے گندم کے ناڑ کو جلانے کی بجائے اس کے بھوسہ کو محفوظ کرنے کیلئے توڑی بنانے والی مشینوںکو فروغ دینے کااعلان کیا ہے جبکہ دھان کی مارکیٹنگ میں بہتری کیلئے ضلعی سطح پرکاشتکاروں کو دھان کی فصل کے سٹوریج اور بہتر معاوضہ کیلئے زرعی قرضوں کے اجراکا بھی اعلان کیاگیاہے اور بتایاگیاہے کہ پنجاب میں چھوٹے کاشتکاروں کی فلاح وبہبود اور ملکی معاشی ترقی کے متعد دمنصوبوں پر کام کیا جارہا ہے جن کے ذریعے بین الاقوامی معیار کی حامل زرعی اجناس ،سبزیوںا ور پھلوں کی پیداوار اور ان کی مختلف مصنوعات کی برآمد ات کے فروغ سے کثیرغیر ملکی زرمبادلہ حاصل ہوگا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایاکہ گنے کی مشینی کاشت کو فروغ دے کر 15سو من فی ایکڑ پیداوارکے حصول کے لیے تمام و سائل بروئے کار لائے جارہے ہیں نیز مختلف فصلوں کی بروقت کاشت اور بعد ازبرداشت پیداوار کے ضیاع کو کم کرنے کے لیے چھوٹے کاشتکاروں کو سبسڈی کے ذریعے زرعی مشینری وآلات فراہم کئے جائیں گے۔انہوںنے زرعی سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ کماد اور ترشاوہ باغات کے کاشتکاروں کو جدید زرعی سفارشات سے بروقت آگاہی کیلئے توسیعی کارکنان کی استعداد کار میں اضافہ کی غرض سے تربیتی پروگرام مرتب کریں ۔