ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس

ایم کیوایم کے 34 ویں یوم تاسیس کا مرکزی اجتماع 17 مارچ کی شب لندن میں ہوگا،متفقہ فیصلہ ایم کیوایم سے قبل سیاست میں حصہ لینا جاگیرداروں ، وڈیروں اور سرمایہ داروں کا حق سمجھا جاتا تھا، ڈاکٹر ندیم احسان

جمعہ 23 فروری 2018 20:58

ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2018ء) ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میںایک اہم اجلاس جمعرات کی شب منعقد ہوا ۔ اجلاس کی صدارت رابطہ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر ندیم احسان نے کی ۔ اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے اراکین، ایم کیوایم برطانیہ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان اور لندن کے تمام یونٹ انچارجز اوردیگرذمہ داران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں ایم کیوایم کے تحت 18 مارچ 2018ء کو ایم کیوایم کے 34 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا اور یوم تاسیس کے اجتماع کو مربوط اور منظم بنانے کیلئے مختلف فیصلے کیے گئے ۔ اجلاس میں متفقہ طورپر فیصلہ کیاگیا کہ یوم تاسیس کا مرکزی اجتماع 17 مارچ کی شب لندن میں ہوگا، ایم کیوایم کے 34 ویں یوم تاسیس کو بھرپورانداز میں منایاجائے گا اور یوم تاسیس کی تیاریوں کا سلسلہ قبل ازوقت ہی شروع کردیاجائے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایم کیوایم کے یوم تاسیس کی تقریب کے حوالہ سے ایم کیوایم برطانیہ کے یونٹوں کومختلف ذمہ داریاں بھی تفویض کی گئیں ۔ دریں اثناء ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر ندیم احسان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 18، مارچ ایک تاریخ ساز دن ہے اورایم کیوایم کی تاریخ میں یہ دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 18 ، مارچ 1984ء کو بابائے مہاجرقوم اوربانی وقائد جناب الطاف حسین نے ایک ایسی عوامی جماعت ایم کیوایم کی بنیاد رکھی جسے آج دنیا بھر میں غریب ومتوسط طبقہ کی نمائندہ جماعت تسلیم کیاجاتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم سے قبل پاکستان میں سیاست کرنا اورسیاست میں حصہ لینا جاگیرداروں ، وڈیروں اور سرمایہ داروں کا حق سمجھا جاتا تھا لیکن قائد تحریک جناب الطاف حسین نے فرسودہ جاگیردارانہ نظام میں غریب ومتوسط طبقہ کی نمائندہ جماعت ایم کیوایم قائم کرکے پاکستان کے فرسودہ جاگیردارانہ نظام میں کاری ضرب لگائی اور ملک بھرکے عوام کو غریب ومتوسط طبقہ کی قیادت کا شعوردیا ۔ ڈاکٹر ندیم احسان نے ایم کیوایم کے تمام ذمہ داران اورکارکنان پر زوردیا کہ وہ ماضی کی طرح اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے یوم تاسیس کی تقریب کے سلسلے میں بھرپورکردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :