نوازشریف کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے وہ مکافات عمل ہے، سید ناصر حسین شاہ

نہیں عدالت کے فیصلے پر من و عن عمل کرنا چاہئے، ایم کیو ایم منتشر قومی مومنٹ بن چکی ہے اور تین گروپوں میں بٹ گئی ہے پی ایس ایل فائنل کیلئے شہریوں کیلئے فری ٹرانسپورٹ چلائیں گے،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ

جمعہ 23 فروری 2018 21:27

نوازشریف کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے وہ مکافات عمل ہے، سید ناصر حسین شاہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 فروری2018ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ میاں نوازشریف کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے وہ مکافات عمل ہے، انہیں عدالت کے فیصلے پر من و عن عمل کرنا چاہئے، ایم کیو ایم منتشر قومی مومنٹ بن چکی ہے اور تین گروپوں میں بٹ گئی ہے پی ایس ایل فائنل کیلئے شہریوں کیلئے فری ٹرانسپورٹ چلائیں گے۔

وہ جمعہ کو سندھ اسمبلی اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ ہم پی ایس پی کے ارکان کو ویلکم کرتے ہیں ہم نے ہمیشہ اسمبلی سے مستعفی ہونے کی مخالفت کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ میاں صاحب کو عدالت کے فیصلے پر عمل کرنا چاہئے نواز شریف کی پارٹی صدارت کے لئے آئین سے متصادم قانون بنا یا گیا یہ نواز لیگ کا دہرہ معیار ہے، ان کی نظر میں یوسف رضا گیلانی والا فیصلہ درست اور ان کا فیصلہ غلط ہے ایسا نہیں چل سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے فیصلے کے متعلق عدالت نے خود مانا کہ غلط تھا۔چیف جسٹس درست فیصلے کررہے ہیں چیف جسٹس اچھے اقدامات بھی کررہے ہیں۔ انہوں نے جناح اسپتال میں سندھ حکومت کے اقدامات کو سراہا ہے اور اپنی جیب سے 1لاکھ دیئے ،جو اچھا اقدام ہے۔ عدالت کے نوٹس لینے سے بہتری بھی آئی ہے۔جب یہاں ایکشن ہوتا تھا تو ن لیگ تنقید کر تھی تھی ، آج ن لیگ کی چیخیں نکل رہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ احتساب پر ن لیگ کی جانب سے تنقید کی جاتی تھی میاں صاحب سچ کہتے ہیں کہ انہوں 50 روپے کرپشن نہیں کی بلکہ کھربوں کی کرپشن کی ہے جس کا حساب دینا ہوگا اب میاں صاحب کو بتانا چاہئے کہ ان کو کیوں نکالا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شرجیل میمن کی طبیعت زیادہ خراب ہے۔شرجیل میمن خود عدالت کا سامنا کرنے آئے، ان کا نام پہلے ہی ای سی ایل میں ڈالا گیا، یہ تاثر غلط ہے لوگ جیل میں جاکر بیمار ہوجاتے ہیں ، شرجیل میمن پہلے ہی زیر علاج ہیں۔

محکمہ اطلاعات کے دفتر میں آگ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ محکمہ اطلاعات کے دفتر میں آگ لگنے کی تحقیقات جاری ہیں آگ لگنے کی تحقیقات میں تاخیر کی بھی تحقیقات کی جائے گی۔انہوں نے کراچی والوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل فائنل کیلئے شہریوں کیلئے فری ٹرانسپورٹ چلائیں گے۔#