پاکستان پیپلز پارٹی کا آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل پر پانامہ طرز کی جے آئی ٹی بنا کر تحقیقات کرنے کا مطالبہ

پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ قوم کو آشیانہ ہائوسنگ سکیم کے ذریعے کروڑوں غریب عوام کو لوٹنے کے منصوبے سے آگاہ کیا جائے، نئیر حسین بخاری

ہفتہ 24 فروری 2018 00:00

(آن لائن۔ تجزیہ نگار ۔ اکرام بخاری ) پاکستان پیپلز پارٹی نے آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل کو پانامہ سکینڈل کے برابر کرپشن کا کیس قرار دیتے ہوئے پانامہ طرز کی جے آئی ٹی بنا کر سکینڈل کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے سیکرٹری جنرل اور سابق چیئر مین سینٹ نئیر حسین بخاری نے پارٹی کا مطالبہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ قوم کو آشیانہ ہائوسنگ سکیم کے ذریعے کروڑوں غریب عوام کو لوٹنے کے منصوبے سے آگاہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

اس مقصد کے لئے پاناما طرز کی جے آئی ٹی بنائی جائے جس میںججز ، نیب حکام اور سرکاری تحقیقاتی اداروں کے ماہرین شامل کیے جائیں۔ نیئر بخاری نے کہا کہ قوم اور ملک کو لوٹنے والوں کا پیسہ باہر منتقل کرنے والوں کونشان عبرت بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ آشیانہ ہائوسنگ سکیم کا لوٹا گیا پیسہ بھی منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر منتقل کردیا گیا ہے۔ یہ سکینڈل بھی پانامہ سکینڈل جیسا ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ اس کی تحقیقات بھی پانامہ طرز کی جے آئی ٹی سے کروائی جائے۔