شمالی کوریا کے خلاف تاریخ کی سب سے بڑی پابندیاں لگا نے جارہے ہیں،ڈونلڈ ٹرمپ

پابندیوں کا مقصد شمالی کوریا پر دباؤ بڑھانا اور جوہری پروگرام کیلئے مالی وسائل کو ختم کرنا ہے، تازہ ترین پابندیوں کے فوائد سامنے نہ آئے تو انتہائی سنگین نتائج ہوں گے، امریکی صدر کی پریس کانفرنس

ہفتہ 24 فروری 2018 20:01

شمالی کوریا کے خلاف تاریخ کی سب سے بڑی پابندیاں لگا نے  جارہے ہیں،ڈونلڈ ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 فروری2018ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ شمالی کوریا کے خلاف تاریخ کی سب سے بڑی نئی اقتصادی پابندیاں لگانے جا رہا ہے مجوزہ پابندیوں میں شمالی کوریا کے 50 بحری جہازوں اور بحری ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جن میں سے کچھ چین اور تائیوان میں بھی کام کرتی ہیں۔شمالی کوریا کے خلاف جوہری پروگرام کی وجہ سے پہلے ہی متعدد امریکی اور عالمی اقتصادی پابندیاں لگائی جا چکی ہیں۔

تاہم شمالی کوریا پھر بھی اپنے جوہری تجربے جاری رکھے ہوئے ہے جن میں گذشتہ سال متعدد جوہری ہتھیاروں کے ٹیسٹ اور طویل رینج کا بلسٹک میزائل شامل ہے جو کہ امریکہ کو نشانہ بنا سکے۔امریکہ کا کہنا ہے کہ نئی پابندیوں کا مقصد شمالی کوریا پر دباؤ بڑھانا اور اس کے جوہری پروگرام کے لیے مالی وسائل کو ختم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی محکمہ خزانہ نے ایک فرد اور 27 کمپنیوں کو نشانہ بنایا ہے جن میں سے زیادہ تر بحری ٹرانسپورٹ کمپنیاں ہیں جو شمالی کوریا سے تعلق رکھتی ہیں مگر پانچ کا اندراج ہانگ کانگ، دو چین، دو تائیوان، ایک پاناما اور ایک سنگاپور میں ہے 28 بحری جہاز بھی اس فہرست میں ہیں جن میں سے زیادہ تر شمالی کوریائی ہیں تاہم پاناما کا ایک، کامروس، اور تنزانیہ کا ایک ایک بحری جہاز بھی شامل کیا گیا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ اگر تازہ ترین پابندیوں کے فوائد سامنے نہیں آتے یاپابندیاں کام نہیں کرتیںتو اس کے انتہائی سنگین نتائج ہوں گے جسکے بعد ہم دوسرے مرحلے پر چلے جائیں گے جوکہ دنیا کیلئے انتہائی بدقسمتی ہو گی