شہبازشریف نے مسلم لیگ نون کا صدرربننے کی خواہش کا اظہار کردیا‘قائمقام صدرکی نامزدگی کے لیے سینٹرل ورکنگ کمیٹی منگل کو طلب کرلیا گیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 26 فروری 2018 10:39

شہبازشریف نے مسلم لیگ نون کا صدرربننے کی خواہش کا اظہار کردیا‘قائمقام ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26 فروری۔2018ء) مسلم لیگ نون کے قائم مقام صدر کی نامزدگی کے لیے پارٹی کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس منگل کو لاہور میں منعقد ہوگا ۔رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے نوازشریف سے رائیونڈ میں اہم ملاقات کی ہے جس میں مسلم (ن) کے نئے صدر کے انتخاب سے متعلق دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نجی ٹی وی کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے قبل ہونے والی یہ ملاقات 3 گھنٹے تک جاری رہی، تاہم اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران شریف برادران نے پارٹی کے نئے صدر، سینیٹ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے پارٹی ٹکٹ معطل ہونے بعد کی صورتحال، شریف خاندان کے خلاف احتساب عدالت میں چلنے والے مقدمات سمیت قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے پنجاب کے بیورو کریٹ احد خان چیمہ کی کرپشن کیس میں گرفتاری کے بعد پیدا صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کی جانب سے نواز شریف کو کہا گیا ہے کہ پارٹی کے قائم مقام صدر کے طور پر انہیں منتخب کیا جائے، تاہم سینئر پارٹی راہنماﺅں نے ان اطلاعات کی تردید کی اور کہا کہ پارٹی قانون کے مطابق یہ تقرری صرف مرکزی سینئر نائب صدر کو ہی دی جاسکتی ہے۔ان اطلاعات پر مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری اطلاعات اور وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مشاہد اللہ خان نے بتایا کہ پارٹی قانون کہتا ہے کہ نئے صدر کے انتخابی طریقہ کار سے منتخب نہ ہونے تک صرف سینٹرل ورکنگ کمیٹی کسی بھی ایک سینئر نائب صدر سے قائم مقام صدر بننے کی درخواست کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے نئے صدر کا انتخاب پارٹی کے ہی 1600 سے زائد جنرل کونسل کریں گے اور یہ عمل دفاتر میں ہوگا جن کا اجلاس 3 مارچ کو سینیٹ انتخابات کے بعد کیا جائے گا۔ سینئر نائب صدر کی فہرست میں بلوچستان کے رہنما سینیٹر یعقوب خان ناصر، خیبرپختونخوا سے سرانجم خان، وزیر اعظم کے سابق مشیر سرتاج عزیز اور سردار چنگیز مری شامل ہیں۔

سینیٹر یعقوب خان ناصر نے سپریم کورٹ کے 28 جولائی 2017 کے پاناما فیصلے کے بعد بھی مسلم لیگ (ن) کے قائم مقام صدر کے طور پر خدمات انجام دی تھیں۔تاہم پاکستان مسلم لیگ (ن) کے الیکشن کمیشن کے رکن صوبیدار نیاز خان نے وفاقی وزیر کے خیالات سے انکار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سینئر نائب صدور میں سے کسی ایک کو صرف اس وقت منتخب کیا جاتا ہے جب پارٹی صدر خود انہیں اپنا متبادل بنائیں لیکن یہاں سینٹرل ورکنگ کمیٹی کو فہرست سے باہر جانا پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :