پاکستان اقوام متحدہ کی قرار داد پر عمل درآمد کا پابند ہے‘ جماعت الدعوہ اور فلاح انسانیت پر پابندی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔احسن اقبال

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 26 فروری 2018 13:31

پاکستان اقوام متحدہ کی قرار داد پر عمل درآمد کا پابند ہے‘ جماعت الدعوہ ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26 فروری۔2018ء) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہاہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قرار داد پر عمل درآمد کا پابند ہے اس لئے جماعت الدعوہ اور فلاح انسانیت پر پابندی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اسلام آباد میں اسپیس ٹیکنالوجی آن واٹر مینجمنٹ پر چوتھی انٹر نیشنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ دنیا کے تقریباً 70فیصد رقبے پر پانی ہے، ہمیں ریسرچ کرنا ہو گی کہ70 فیصد پانی کو زراعت اور ضروریات زندگی میں کیسے استعمال کیا جا سکتا ہے، آبادی میں اضافے کی وجہ سے دنیا کو پانی کی کمی کا سامنا ہے اور پانی کی وافر دستیابی کے بغیر کوئی معیشت ترقی نہیں کرسکتی۔

پانی کا انتظام بہتر بنانا حکومت پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے، مسائل کے حل کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا، اسپیس ٹیکنالوجی کے ذریعے پانی کی بہتر مینجمنٹ ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہا کہ دہشت گردی پاکستان کے لیے زہر قاتل ہے، نیشنل ایکشن پلان پاکستان کے عوام کا پروگرام ہے اور اس پر مکمل عمل درآمد ہورہا ہے، پاکستان کی کوششیں کسی ملک کو خوش کرنے کے لیے نہیں ہیں، پاکستان اقوام متحدہ کی قرار داد پر عمل درآمد کا پابند ہے، جماعت الدعوہ اور فلاح انسانیت پر پابندی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، صوبوں کو پابندی کے اقدامات کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور صوبائی حکومتیں وفاق کی ہدایات پر عمل درآمد کررہی ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تمام ہدایات پر عملدرآمد کردیا ہے جبکہ جماعة الدعوة اور فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کے بارے قانون سازی بھی کردی گئی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ جب تک فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا اعلامیہ نہیں آجاتا اس پر بات نہیں کرنی چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔ پاکستان کے یہ اقدامات اپنے لئے ہیں کسی کو خوش کرنے کے لئے نہیں۔