اقوام متحدہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی ختم کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے ،ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی

جوہری طاقتوں کے درمیان کشیدگی سے خطہ جنگ کی نذر ہوسکتا ہے ،عالمی برادری مسئلہ کے دیرپا حل کیلئے اقدامات کرے ، مولانا محمد عبداللہ طاری

پیر 26 فروری 2018 17:19

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2018ء) مقبوضہ کشمیر میںجموں وکشمیر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے اقوام متحدہ کے فوجی مبصر برائے بھارت و پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان کنٹرول لائن پرجاری کشیدگی ختم کرانے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کرے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد عبد اللہ طاری نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کی بنیادی وجہ حل طلب دیرینہ تنازعہ کشمیر ہے جسے اقوام متحدہ کی منظور کردہ قرار دادوں کے مطابق ہی حل کیا جاسکتا ہے۔

انہوںنے کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدہ صورتحال پر شدیدتشویش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سرحدی کشیدگی کے خاتمے کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ۔ انہوںنے کہاکہ دونوںجوہری طاقتوں کے درمیان جاری کشیدگی سے پورا خطہ جنگ کی نذر ہوسکتا ہے اس لئے عالمی برادری کی یہ ذمہ دار ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے دیرپا حل کیلئے اقدامات کرے ۔

مولانا طاری نے واضح کیاکہ جب تک مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق پر امن مذاکرات کے ذریعے حل نہیں کیا جاتا خطے میں پائیدار امن و سلامتی قائم نہیں ہوسکتی ۔ انہوںنے اقوام متحدہ اور سبھی بااثر ممالک سے اپیل کی کہ وہ جنوبی ایشیاء میں جاری کشیدگی کے ماحول کو ختم کرنے کے اقدامات کریں اور بھارت پر دبائو ڈالیں کہ وہ تنازعہ کشمیر سے متعلق اپنی غیر منطقی پالیسی ترک کرے تاکہ اس دیرینہ مسئلے کے حل کی راہ ہموار ہو سکے ۔