دس لاکھ نئے گیس کنکشنز کی اطلاعات ،ْ قبل از انتخابات دھاندلی کی کوششوں کا فوری نوٹس لیا جائے ،ْتحریک انصاف

الیکشن کمیشن آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کا ذمہ دار ہے ،ْجہانگیر ترین کا الیکشن کمیشن کو خط

پیر 26 فروری 2018 22:46

دس لاکھ نئے گیس کنکشنز کی اطلاعات ،ْ قبل از انتخابات دھاندلی کی کوششوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2018ء) پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سیاسی رشوت کے طور پر دس لاکھ نئے گیس کنکشنز کے اجرا کی اطلاعات ہیں ،ْ قبل از انتخابات دھاندلی کی کوششوں کا فوری نوٹس لیا جائے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین کی جانب سے تحریر کیے خط میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سیاسی رشوت کے طور پر دس لاکھ نئے گیس کنکشنز کے اجرا کی اطلاعات ہیں، حالانکہ پاکستان کو گیس کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

حکومت نے نئے کنکشنز کے اجرا کا اعلان کرتے وقت اوگرا سمیت دیگر اداروں کی صلاحیت کو یکسر فراموش کیا۔ خط میں وفاقی حکومت کی جانب سے قبل از انتخابات دھاندلی کی کوششوں کے فوری نوٹس کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

خط میں کہا گیا کہ حکومتوں کی جانب سے ووٹ خریدنے کیلئے رائے دہندگان میں وسائل کی تقسیم کی رسم نئی نہیں، گیس کے دس لاکھ نئے کنکشنز کے اجرا کا اعلان آئندہ انتخابات پر اثرا نداز ہونے کی ایک کوشش ہے۔

جہانگر ترین کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کا ذمہ دار ہے۔ حکومت کی مدت ختم ہونے سے محض نوے روز قبل گیس کنکشنز کا اعلان ن لیگ عزائم واضح کرتا ہے، الیکشن کمیشن فوری طور پر معاملے کا نوٹس لے اور وفاقی حکومت سے وضاحت طلب کرے اور سیاسی مقاصد کی خاطر عوام میں گیس کنکشنز کی تقسیم کا عمل روکا جائے۔