کاشتکار وسط مارچ تک تربوز کی کاشت مکمل کریں، زرعی ماہرین

منگل 27 فروری 2018 15:20

فیصل آباد۔27 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2018ء)زرعی ماہرین نے کاشتکاروں کو تربوز کی کاشت فوری طور پر شروع کر کے 15مارچ تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے،ان کا کہنا ہے کہ تربوز کی کاشت کے لیے 15مارچ تک کا وقت انتہائی مناسب ہوتا ہے کیونکہ مقررہ اوقات میں کاشت کیے گئے بیج سے بروقت اور اچھا پھل حاصل ہو سکتاہے ۔ ماہرین نے بتایاکہ تربوز کی کاشت کے لیے زرخیز ریتلی میرا زمین جس میں پانی کا مناسب نکاس موجود ہو انتہائی موزوں ہوتی ہے تاہم اسے دریائی بیلٹ کی ریتلی زمین پر بھی کامیابی سے کاشت کیا جاسکتاہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ تربوز کی کاشت سے قبل زمین کو اچھی طرح ہموار کرکے 15سی20 ٹن گوبر کی گلی سڑی کھاد فی ایکڑ ڈال کر ہل چلا تے ہوئے اسے زمین میں ملا دینا چاہیے تاکہ فصل کو نامیاتی مادے آسانی سے میسر آسکیں۔انہوںنے کہاکہ کاشتکار زمین کی تیاری کے لیے ایک بار مٹی پلٹنے والا ہل اور تین چار بار عام ہل چلائیں اور ہل چلانے کے بعد سہاگہ ضرور چلائیں تاکہ زمین کے ڈھیلے وغیرہ ٹوٹ جائیں اور زمین بھربھری اور نرم ہوجائے ۔ ماہرین نے مزید بتایا کہ تربوز کی کاشت کے لیے اچھی روئیدگی والا ایک کلوگرام صحتمند بیج فی اایکڑ کافی ہوتاہے۔