ایسے سائنسی علوم پروان چڑھائیں جو زندگی محفوظ بنا سکیں ، ڈاکٹر زکریا ذاکر

منگل 27 فروری 2018 20:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 فروری2018ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے کہا ہے کہ سائنس کا حقیقی مقصد زندگی کو محفوظ بنانا ہے اور ہمیں ایسے علوم کو پروان چڑھانا چاہئے جو معیار زندگی کو بہتر بنانے میں فعال کردار ادا کریں ۔ وہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ زوالوجی کے زیر اہتمام فیصل آڈیٹوریم میں منعقدہ تین روزہ اڑتیسویں پاکستان کانگرس آف زوالوجی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

ڈین فیکلٹی آف لائف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان، چیئرمین شعبہ زوالوجی پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال قاضی ،ڈاکٹر اے آر شکوری، ترکی، چین، جرمنی، مصر سمیت ملکی و بین الاقوامی محققین، فیکلٹی ممبران اور طلبائو طالبات نے بڑی تعداد میںشرکت کی۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے کہا سائنسی علوم انسانی زندگی کی بہت سے نقصان دہ عوامل سے حفاظت کرتی ہے تاہم بہت سی سائنسی ترقی ایسی بھی ہے جس سے ہماری زندگیوں کو خطرات لاحق ہو رہے ہیں اور ہمارا ماحولیاتی نظام تباہ ہو رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسی سائنسی ایجادات کے خلاف آگاہی فراہم کرنی چاہیے جس سے صرف کاروبار کو ہی فروغ ملتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیںاپنے محققین کواس بات کا احساس دلانے کی ضرورت ہے کہ انسانیت کی فلاح اور عوامی ترقی ان کی ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کانفرنسز مختلف خطوں کی ثقافت کو جاننے اور تعلیمی ترقی میں معاون ہوتی ہے۔

انہوں نے سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے شعبہ جات میں سود مند قرارسفارشات پیش کریں تاکہ ان کو عملی جامہ پہنانے کیلئے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو دی جائیں۔ اپنے خطاب میں ڈین فیکلٹی آف لائف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان نے کہا کہ آج پنجاب یونیورسٹی میں زوالوجیکل سوسائٹی آف پاکستان کی گولڈن جوبلی تقریبات منائی جا رہی ہیںجو 1968ء میں قائم ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ زوالوجیکل سوسائٹی آف پاکستان گزشتہ پانچ دہائیوں سے مسلسل ایمپیکٹ فیکٹر اور پاکستان جرنل آف زوالوجی شائع کررہی ہے جبکہ گزشتہ چار دہائیوں سے پاکستان کانگرس آف زوالوجی کا بھی انعقاد ہوتا رہا ہے۔ڈاکٹر نعیم خان نے کہا کہ گزشتہ برس فیکلٹی آف سائنسز کے تحقیقی مقالہ جات اور پی ایچ ڈی کی تعداد سب سے زیادہ رہی۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر اے آر شکوری نے زوالوجیکل کانگرس کی تاریخ اور امور بارے سیر حاصل گفتگو کی۔

ڈاکٹر جاوید اقبال قاضی نے کہا کہ کانفرنس دنیا کے مختلف خطوں کے محقق کو ایک دوسرے کے تجربات جاننے اور قربت داری میں معاونت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان محققین کو جدید سائنس بارے معلومات کیلئے شعبہ زوالوجی مستقبل میں بھی ایسے مواقع مہیا کرتا رہے گا۔

متعلقہ عنوان :