وزیراعلیٰ شہبازشریف کاتحصیل پتوکی کا دورہ،متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح

اورکئی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا ،اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا اگر عوام نے 2018ء کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کو کامیاب کرایا تو پشاوراور کراچی کو لاہور کی طرح ترقی یافتہ شہر بنائیں گے ہم ملک سے غربت اوربے روز گاری کا خاتمہ کریں گے اور ملک کو صحیح معنوں میں قائدؒو اقبالؒکا پاکستان بنائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب

منگل 27 فروری 2018 22:34

وزیراعلیٰ شہبازشریف کاتحصیل پتوکی کا دورہ،متعدد ترقیاتی منصوبوں کا ..
لاہور۔27 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے گزشتہ روزیہاں ضلع قصور کی تحصیل پتو کی کا دورہ کیا اوریہاں مکمل ہونے والے مختلف منصوبوں کے افتتاح کے علاوہ نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔وزیراعلیٰ نے ہالہ روڈ بائی پاس پتوکی کے دونوں اطراف کی آبادیوں کو ملانے کیلئے اوورہیڈ برج کا سنگ بنیاد رکھا۔

35 کروڑ روپے لاگت سے یہ منصوبہ رواں برس جولائی میں مکمل ہوگااورمنصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو آمد و رفت کی بے پناہ سہولت میسر آئے گی۔ وزیراعلیٰ نی10 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے تعمیر ہونے والے گورنمنٹ کالج الہ آباد کابھی افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کوٹ رادھا کشن کا بھی افتتاح کیا۔اس منصوبے پر تقریباً 11 کروڑ روپے لاگت آئی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پتو کی میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ضلع قصورکی تعمیروترقی پر اربوں روپے کے وسائل خرچ کیے ہیں اوریہاں تعلیم اورصحت کے علاوہ انفراسٹرکچرکے منصوبے مکمل کیے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کنگن پورپتوکی دورویہ سڑک کی تعمیر،پتوکی سے ھلہ کیلئے نئی سڑک اورپھول نگر میں ہسپتال کے قیام کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ نے قصور میں یونیورسٹی کے قیام، پتوکی کیلئے 10سپیڈو بسیں دینے اورپتوکی اورچونیاں میں نئے شاندار پبلک پارک بنانے کا بھی اعلان کیا ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب زرداری نے پنجاب میں گورنر راج لگایا تھاتو میں پتو کی آیا تھا اورعوام کے ٹھاٹھے مارتے ہوئے سمندر نے اس گورنر راج کا خاتمہ کردیا تھا ۔

آج ایک بار پھر پتوکی میں عوام کا ٹھاٹھے مارتا ہوا سمندر اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ 2018ء میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت پورے ملک پر ہوگی۔انہوںنے کہا کہ محمد نوازشریف نے آج مجھ ناچیز کا نام لے کرمجھے مسلم لیگ(ن) کا قائم مقام صدر منتخب کرایا ہے ان کی پارٹی صدارت تو چلی گئی ہے لیکن عوام کے دلوں سے ان کی محبت کبھی نہیں جاسکتی۔وہ لوگوں کے دلو ں میں بستے ہیں ، محمدنوازشریف پاکستان کی شان ،آن اوربان ہیں۔

وہ مدبر ہیں اورہماری سیاست کے عظیم سپوت ہیں۔آج مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں محمد نوازشریف کو تاحیات پارٹی کا قائد بنانے کے حوالے سے قراردادپاس ہوئی ،انشاء اللہ وہ پارٹی کے ہمیشہ قائد رہیں گے اوران کی قیادت میں ہم ترقی کریں گے اورملکر آگے بڑھیں گے۔انہوںنے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین کے عظیم فلاحی منصوبے کو آزمائشی بنیادوں پر چلایاگیاہے جس کی میں عوام کو مبارکباد دیتا ہوں ۔

یہ منصوبہ جلد چلے گا اورعوام کو باوقارسفری سہولتیں فراہم کرے گااورمیں عوام کو اس ٹرین میںسوار ہوکر خود سیر کراؤں گا۔انہوںنے کہا کہ دن رات جھوٹ بولنے والے عمران نیازی کی وجہ سے اس منصوبے میں 22ماہ کی تاخیر ہوئی ہے۔انہوںنے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے غیور عوام نے ساڑھے چار سال قبل عمران نیازی پر اعتبار کر کے اسے حکومت دی لیکن اس نے معاشی لحاظ سے صوبے کا بیڑہ غرق کردیا ۔

نیازی صاحب نے اسلام آباد میں دھرنے اورلاک ڈاؤنوں کے ذریعے قوم کاقیمتی وقت برباد کیا،گالم گلوچ کے کلچر کو فروغ دیا ،خان صاحب نے دعوی کیا کہ انہوںنے خیبر پختونخواہ میں 74میگاواٹ بجلی پیدا کی ہے ۔میں ان سے پوچھتا ہوں کہ یہ بجلی آسمان پر ،چاند پر یا سورج پر پیدا کی ہے کیونکہ زمین پر تو اس کا وجود نہیں ۔اسی خان صاحب نے کہا تھا کہ میں پشاور میں میٹروبس پر وسائل ضائع کرنے کی بجائے ہسپتال اورتعلیمی ادارے بناؤں گا،نہ تو اس نے ہسپتال بنائے اور نہ ہی تعلیمی ادارے بلکہ ساڑھے چار سال بعد پشاور میں میٹروبس چلانے کا خیال آیاتواس منصوبے کے نام پر پورے شہر کو اکھاڑ کر رکھ دیا۔

انہوںنے کہا کہ میں نے عمران خان صاحب کے خلاف 10ارب روپے ہرجانے کا وعوی دائر کیا ،پھر 27ارب روپے کا نوٹس بھجوایا لیکن یہ خان صاحب عدالت میں آتے ہی نہیں ۔کل یہ ملتان میٹروبس اورسبحان خان نامی شخص کے بارے میں الزامات کا ایک اور پلندہ لیکر آگئے میری عدالت عظمیٰ اورعدالت عالیہ کے چیف جسٹس صاحبان سے درخواست ہے کہ معاملے کی تحقیقات کیلئے فل بنچ بنایا جائے اگر میں جھوٹا ثابت ہوجاؤں تو قوم سے معافی مانگ کر ہمیشہ کیلئے سیاست سے الگ ہوجاؤں گااوراگر خان صاحب اپنے الزامات میں جھوٹے ثابت ہوں تو انہیں بھی چاہیے تو یہ سیاست سے الگ ہوکر کسی حجرے میں جابیٹھے اور سچ بولنا سیکھ لیں۔

انہوںنے کہاکہ خان صاحب اتنا جھوٹ بولتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ جھوٹوں کی پارٹی بنا لیں کیونکہ تحریک انصاف سے ان کا کوئی تعلق نہیں ۔خان صاحب قوم اب آپ کے جھوٹ کو چلنے نہیں دے گی۔انہوںنے کہا کہ دوسری طرف زرداری صاحب ہے جن کی حکومت نے کراچی شہر کا بیڑہ غرق کردیا،کراچی کبھی ہمارا بہت خوبصورت اورروشنیوں کا شہر ہوتا تھا اب ہر جگہ کوڑا کرکٹ نظر آتا ہے اورکھٹارا بسیں چل رہی ہیں۔

کراچی کی اس ناگفتہ بہ صورتحال دیکھ کر افسوس ہوتا ہے،اگر عوام نے 2018ء کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کو کامیاب کرایا تو پشاوراور کراچی کو لاہور کی طرح ترقی یافتہ شہر بنائیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ خان صاحب نے تو بجلی پیدا کرنے کے صرف جھوٹے دعوے کیے ہیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے محمدنوازشریف کے دور میں توانائی منصوبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اورتوانائی منصوبوں کی تکمیل سے لوڈ شیڈنگ ختم ہونے کو ہے۔

انہوںنے پنجاب حکومت کے فلاحی پروگراموں اورترقیاتی اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے تین سال سے کسانوں کو آدھی قیمت پر کھاد دی جارہی ہے جبکہ ملک کی 70سالہ تاریخ میں پہلی بارچھوٹے کسانوں کو بلاسود قرضے مل رہے ہیں ۔کاشتکاروں کی ترقی کیلئے انہیں اربوں روپے کے بلاسود قرضے دیئے جارہے ہیں ۔پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے تحت گزشتہ 9سالوں میں وسائل سے محروم ہونہارطلبا و طالبات میں 15ارب روپے کے وظائف تقسیم کیے جاچکے ہیںاورساڑھے تین لاکھ بچے اوربچیاں اس تعلیمی فنڈ سے اپنی تعلیمی پیاس بجھا رہے ہیں ۔

ہزاروں بچے اوربچیاں اس فنڈسے مستفید ہو کر ڈاکٹرز اورانجینئربن کر قوم کی خدمت کررہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ ’’پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے‘‘ پروگرام کے تحت صوبے بھر میں اربوں روپے کی لاگت سے ہزاروں کلو میٹر دیہی سڑکیں بنائی گئی ہیں ۔صوبے بھر میں ہسپتال اورتعلیمی ادارے قائم کیے گئے ہیں اور صاف پانی کے ایک بڑے پروگرام پر عمل پیرا ہیں۔

انہوںنے کہا کہ چار ماہ بعدالیکشن ہونے ہیں اوراگر ہمیں خدمت کا موقع ملا تو وعدہ کرتا ہوں کہ قصور میں یونیورسٹی کے منصوبے پر جلد کام شروع کردیا جائے گااوراس طرح ضلع قصور کیلئے جن ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا گیا ہے انہیں بھی تیزرفتاری سے آگے بڑھائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ قصور کے ہسپتال میں سی ٹی سکین مشین نصب کردی گئی ہے جو24گھنٹے مریضوں کو سی ٹی سکین کی سہولت فراہم کررہی ہے۔

ہم نے کرپشن کے اس فرسودہ نظام کو ختم کردیا ہے جس کے ذریعے مریضوں کو ہسپتالوں سے باہر ہزاروں روپے دے کرسی ٹی سکین کروانا پڑتا تھا ۔انہوںنے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کومعیاری ادویات دی جارہی ہیں اوراب جوادویات وزیراعظم کا بیٹا استعمال کرتا ہے وہی غریب کا بچہ ہسپتال کررہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ضلع قصور کے سیاسی خاندان رانا حیات خان ،رانا اسحاق خان اوررانا محمد اقبال خان نے ہسپتال کی تعمیر کیلئے چار ایکڑ زمین کا عطیہ دیا ہے الگے الیکشن میں کامیابی ملی تو پھول نگر میں فوری طورپر ہسپتال کے منصوبے کو مکمل کریں گے۔

انہوںنے کہا کہ2018ء کا الیکشن پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کا الیکشن ہے۔پاکستان مسلم لیگ(ن) نے دن رات محنت کر کے خلوص دل سے عوام کی خدمت کی ہے،ہم ملک سے غربت اوربے روز گاری کا خاتمہ کریں گے اور ملک کو صحیح معنوں میں قائدؒو اقبالؒکا پاکستان بنائیں گے۔سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد ا قبال خان ،علاقے کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اورلوگوں کی بڑی تعداد پنڈال میں موجود تھی۔