مخالفین کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کو تقسیم ہوتے دیکھنے کی خواہش ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن ہو چکی ہے ،ْبرجیس طاہر

مسلم لیگ (ن) کی محمد نواز شریف سے مثالی یکجہتی اور اتحاد نے مخالفین کی تمام تر آسوں اور امیدوں پر پانی پھیر دیا ،ْ وفاقی وزیر ووٹ کے تقدس کو بحال کرانے کے ضمن میں محمد نواز شریف کے نظریہ کو جس طرح عوام میں پذیرائی حاصل ہو رہی ہے ،ْبیان

بدھ 28 فروری 2018 18:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2018ء) وفاقی وزیر برائے امورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے محمد نواز شریف کو مسلم لیگ (ن) کا تاحیات قائد اور محمد شہباز شریف کو مسلم لیگ (ن) کا صدر مقررکرنے کے فیصلہ پر کہا ہے کہ مخالفین کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کو تقسیم ہوتے دیکھنے کی خواہش ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن ہو چکی ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کی بطور وزیراعظم نااہلی کے بعد عمران خان جیسے مخالفین اس خواہش کا اظہار کر رہے تھے کہ مسلم لیگ (ن) اب تقسیم ہو کر کمزور ہو جائے گی لیکن مسلم لیگ (ن) کی محمد نواز شریف سے مثالی یکجہتی اور اتحاد نے مخالفین کی تمام تر آسوں اور امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ محمد نواز شریف کو سیاست سے نااہل کرنے کی کوشش تو کی جا سکتی ہے لیکن مخالفین کو شاید اس حقیقت کا علم نہیں ہے کہ محمد نواز شریف مسلم لیگ (ن) کا نظریہ اور سوچ ہیں جس کو کسی صورت میں ختم نہیں کیا جا سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا ہر ایک کارکن محمد نواز شریف کی اس سوچ کو آگے لے کر چلنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد شہباز شریف بطور صدر مسلم لیگ (ن)، محمد نواز شریف کے وژن کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ محمد شہباز شریف کی بدولت آج صوبہ پنجاب پاکستان کا ترقی یافتہ اور خوشحال ترین صوبہ بن چکا ہے اور اب وہ کراچی، پشاور اور کوئٹہ اور پاکستان کے دیگر شہروں کو بھی لاہور جیسا ترقی یافتہ بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان اور عوام محمد نواز شریف کے نظریہ کے عین مطابق ووٹ کے تقدس کو بحال کراتے ہوئے حقیقی جمہوریت کو روشناس کرانے کیلئے تن من دھن کی بازی لگا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کے تقدس کو بحال کرانے کے ضمن میں محمد نواز شریف کے نظریہ کو جس طرح عوام میں پذیرائی حاصل ہو رہی ہے اس سے اس امر کا انداز ہ لگانا مشکل نہیں ہے کہ 2018ء کے انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں کامیابی کے بعد ایک طرف محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق پاکستان میں ووٹ کے تقدس کو بحال کرتے ہوئے عوام کو حقیقی جمہوریت سے روشناس کرایا جائے گا تو دوسری جانب محمد شہباز شریف کو ملک میں ترقی و خوشحالی کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عمل کرا کر ملک کو دیرپا معاشی ترقی کے راستے پر گامزن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف دونوں ایسے لیڈر ہیں جن کا پورے پاکستان میں کوئی ثانی موجود نہیں ہے اور مسلم لیگ (ن) ہی اپنے قائد محمد نواز شریف کے وژن کے عین مطابق پاکستان کو مزید آگے لے کر جائے گی اور پاکستان کو ایشیئن ٹائیگر بنائیں گے۔