آزاد کشمیر سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے وفاقی وزیر پانی و بجلی نے اعلی سطحی اجلاس آئندہ سوموار کے روز اسلام آباد میں طلب کر لیا

آزاد کشمیر سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے اور بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے وفاقی حکومت بھرپور تعاون کرے گی، اویس احمد لغاری

بدھ 28 فروری 2018 19:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 فروری2018ء) آزاد کشمیر سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے وفاقی وزیر پانی و بجلی اویس احمد لغاری نے اعلی سطحی اجلاس آئندہ سوموار کے روز اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ہے جس میں آزاد کشمیر کی نمائندگی آزاد کشمیر کے وزیر برقیات ،سیکرٹری برقیات اور چیف انجینئر برقیات کریں گے۔ آزاد کشمیر سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے اور بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے وفاقی حکومت بھرپور تعاون کرے گی۔

اس بات کا فیصلہ وزیر اعظم آزاد ھکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور وفاقی وزیر پانی و بجلی اویس احمد لغاری کے درمیان ملاقات میں کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی نے کشمیر ہائوس اسلام آباد میں وزیر اعظم آزا د کشمیر سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد عزیز ، وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے اندر جبری لوڈ شیڈنگ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں اور لوڈشیڈنگ کے باعث لائن آف کنٹرول پر بھی مشکالت کا سامنا ہے۔ آزاد کشمیر قطعی طور پر ڈیفالٹر نہیں ۔ واپڈا اور وفاقی وزارت خزانہ کے درمیان سبسڈی کے حوالے سے تنازعہ ہے۔ آزاد کشمیر اپنے حصے کے واجبات بروقت ادا کر رہا ہے۔

سبسڈی کے معاملے پر وزیر اعظم پاکستان سے بھی بات کی ۔ آزاد کشمیر میں جہاں لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ ہے وہاں کم وولٹیج سے بھیعوام پریشانی میں مبتلا ہیں ۔ آزاد کشمیر کے اندر پن بجلی کے بڑے بڑے منصوبے لگ رہے ہیں بہت سارے تکمیل کے قریب ہیں۔ آزاد کشمیر کے عوام نے میگا پرجیکٹس کی تکمیل کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں آزاد کشمیر سے جبری لوڈ شیڈنگ کے مستقل خاتمے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر پانی و بجلی نے کہا کہ آزاد کشمیر سے جبری لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ ایک ہفتے کے اندر یکسو کر لیا جائے گا۔ ہمارے علم میں ہے کہ آزاد کشمیر نادھندہ نہیں ہے وفاقی وزارت خزانہ نے سبسڈی کی مد میں واپڈا کو جو پیسے دینے ہیں اس وجہ سے مسائل ہیں۔ تاہم اس مسئلے کا مستقل بنیادوں پرحل نکالا جائے گا۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی نے وزیر اعظم آزاد کشمیر سے ملاقات کے بعد آزاد کشمیر سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے اعلی سطحی اجلاس آئندہ سوموار کے روز طلب کر لیا ہے جس میں آزاد کشمیر کے وزیر برقیات، سیکرٹری برقیات اور چیف انجنئیر برقیات شرکت کریں اور اس اجلاس کے دوران آزاد کشمیر سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا مستقل حل نکالا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :