قائم مقام صدر آزادکشمیر کی تجوید القرآن ٹرسٹ کی نوتخلیق کردہ اسامیوں کو ایکٹ کے مطابق پر کرنے کی ہدایت

جمعرات 1 مارچ 2018 19:41

مظفرآباد۔یکم مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2018ء)قائم مقام صدر آزادکشمیر شاہ غلام قادر نے تجوید القرآن ٹرسٹ کی نوتخلیق کردہ اسامیوں کو ایکٹ کے مطابق پر کرنے کی ہدایت کردی۔جمعرات کو جمعیت علماء اسلام جموں وکشمیر اور سواد اعظم اہلسنت والجماعت کے قائدین کے مشترکہ وفد نے یہاں قائم مقام صدر سے ملاقات کی۔وفد کی قیادت بزرگ عالم دین اور سواد اعظم اہلست والجماعت کے سیکرٹری جنرل جے یو آئی کے سرپرست اعلی مولانا قاری عبدالمالک توحیدی کررہے تھے۔

وفد میں جمعیت علماء اسلام جموں وکشمیر کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا قاری محمد افضل خان،ضلعی امیر مولانا عبدالماجد،مولانا الطاف حسین لون اور مولانا محمد یونس ودیگر شامل تھے نے قائم مقام صدر کو تجویدالقرآن ٹرسٹ قواعد کو ایکٹ کے موافق کرنے اور شہادت العالمیہ وحفظ کی اسناد کے حامل افراد کو تجویدالقرآن ٹرسٹ کی نوتخلیق کردہ اسامیوں میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

وفد نے بتایا کہ محکمہ کی جانب سے اسامیوں کی شرائط بمطابق قواعد تو ہیں مگر یہ قواعد ایکٹ کے مغائر ہیں جس پر شاہ غلام قادر نے فوری طورپر سیکرٹریٹ کو تحریری ہدایت نامہ جاری کیا جس کے مطابق تجویدالقرآن ایکٹ 1991ء میں طے شرائط کو مد نظر رکھ کر نیا اشتہار جاری کرنے نیزدینی مدارس کی بورڈ ہاء سے جاری کردہ حفظ القرآن الکریم کی اسناد اور عالمیہ کے حامل امیدواروں کو بھی شامل کیا جائے۔

علماء کرام نے قائم مقام صدر کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں سرکاری سطح پر قائم تجوید القرآن ٹرسٹ کی دنیا بھر میں کوئی مثال نہیں ملتی تاہم اس محکمہ کو مزید منظم اور فعال کرنے کی ضرورت ہے۔علمائے کرام نے قائم مقام صدر کو دینی مدارس کو درپیش مسائل بارے بھی آگاہ کیا جس پر صدر نے مشاورت سے معاملات حل کرنے کا یقین دلایا۔