وزیراعظم آزاد کشمیر کی زیر صدارت کابینہ کا غیر رسمی اجلاس ،لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ کی شدید مذمت

آزادکشمیر کے عبوری ایکٹ میں ترامیم سمیت تعمیر و ترقی و دیگر اہم معاملات پرتبادلہ خیال آزادکشمیر کو بااختیار بنانے کیلئے پہلی بار سنجیدہ پیشرفت ہوئی ہے ،تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لیا جارہا ہے ، کونسل کے مالیاتی و انتظامی اختیارات مکمل آزاد حکومت کو منتقل کرنے بارے وفاقی سطح پر انتہائی مثبت رسپانس ملا ہے ،راجہ فاروق حیدر

جمعرات 1 مارچ 2018 19:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2018ء) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر صدارت کابینہ کا غیر رسمی اجلاس ،لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ کی شدید مذمت ،آزادکشمیر کے عبوری ایکٹ میں ترامیم سمیت تعمیر و ترقی و دیگر اہم معاملات پرتبادلہ خیال،وزیراعظم آزادکشمیر نے ایکٹ میں ترامیم کے حوالے سے وفاقی حکومت اور دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ کی جانے والی مشاورت سے کابینہ کو آگاہ کیا ،اجلاس میں سیئنر وزیر چوہدری طارق فاروق ،وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد عزیز ،ڈاکٹر نجیب نقی خان ،راجہ نثار وزیر قانون ،مشتاق منہاس ،بیرسٹر افتخار گیلانی ،نورین عارف ،سردار فاروق سکندر ،چوہدری محمد سعید ،چئیرمین معائینہ کمیشن وقار احمد نور نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کابینہ اراکین نے وزیراعظم کی کاوشوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوے اسے انتہائی مثبت اورمسلم لیگ ن آزادکشمیر کے انتخابی منشور کے اوپر عملدرآمد کے حوالے سے تاریخی پیش رفت قراردیا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر کو بااختیار بنانے کے حوالے سے پہلی بار سنجیدہ پیش رفت ہوئی ہے جس پر تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لیا جارہا ہے تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے تیار کی جانے والی متفقہ تجاویزوفاقی حکومت کو پہنچائی ہیں اور وزیراعظم آزادکشمیر نے آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کو بااختیار بنانے اور کونسل کے مالیاتی و انتظامی اختیارات کی کلی طورپر آزادکشمیر حکومت کو منتقل کرنے کے حوالے سے وفاقی سطح پر انتہائی مثبت رسپانس ملا ہے ۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے لائن آف کنٹرول پر دفاع وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید سپاہیوں کو خراج عقید ت پیش کرتے ہوے کہا کہ آزادکشمیر کا بچہ بچہ مسلح افواج پاکستان کے شانہ بشانہ دفاع وطن کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے آزادکشمیر کے چپے چپے پر پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے جوانوں کا خون پاکستان اور آزادکشمیر کے درمیان انمٹ رشتے کی آبیاری کررہا ہے پاک فوج ہماری محافظ فوج جبکہ ہندوستان قابض اور جارح ہے یہی وجہ ہے کہ لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب ہندوستانی افواج عوامی حمایت سے محروم ہیں جس سے بوکھلا کر وہ سویلینز پر فائرنگ کرتے ہیں کابینہ نے پاک فوج کے شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقید ت پیش کیا ۔

اجلاس میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے نہتے شہریوں کی شہادتوں ،و املاک کے نقصان پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ۔اجلاس میں لائن آف کنٹرول کے نزدیکی علاقوں میں صحت بالخصوص ایمرجنسی سہولیات کی بروقت فراہمی کے لیے اقدامات کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔دریں اثناء وزیراعظم آزادکشمیر سے پارلیمانی پارٹی کے اراکین احمد رضا قادری ،ڈاکٹر مصطفی بشیر ،سمیت دیگر نے بھی ملاقات کی اور آزادکشمیر کے عبوری ایکٹ میں ترامیم اور آزادکشمیر حکومت کو بااختیار بنانے کے حوالے سے وزیراعظم آزادکشمیر کے اقدامات کو سراہا ۔

متعلقہ عنوان :