وفاقی حکومت آزادکشمیر کی تعمیر وترقی کے لیے تمام وسائل فراہم کررہی ہے ، چودھری برجیس طاہر

شاہدخاقان عباسی محمدنوازشریف کے وژن کے مطابق آزادکشمیر کی ترقی کیلئے پرُعزم ہیں،ایل او سی پر رہنے والوں کوبھارتی بلااشتعال انگیزی کا بہادری سے مقابلہ کرنے پر سلام پیش کرتا ہوں،بھارتی جنگی جنون کشمیریوںکو حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت سے دستبردار نہیں کراسکتا، وفاقی وزیر کی آزاد کشمیر کے وزراء سے گفتگو

جمعرات 1 مارچ 2018 20:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2018ء) وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت آزادکشمیر کی تعمیر وترقی کے لیے تمام وسائل فراہم کررہی ہے،شاہدخاقان عباسی محمدنوازشریف کے وژن کے مطابق آزادکشمیر کی ترقی کیلئے پرُعزم ہیں،ایل او سی پر رہنے والوں کوبھارتی بلااشتعال انگیزی کا بہادری سے مقابلہ کرنے پر سلام پیش کرتا ہوں،بھارتی جنگی جنون کشمیریوںکو حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت سے دستبردار نہیں کراسکتا ۔

انہوںنے یہ بات آج آزادکشمیر کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق اور وزیر خزانہ وصحت ڈاکٹر نجیب نقی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوںنے آج اسلام آباد میں وفاقی وزیر سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں آزادکشمیر کی مجموعی سیاسی و معاشی صورت حال اورجاری ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔وفاقی وزیر نے کہاکہ محمدنوازشریف کے وژن کے مطابق آزادکشمیر میں تعمیر وترقی کا عمل جاری رہے گا اور وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی محمدنوازشریف کے وژن کے عین مطابق آزادکشمیر کی ترقی کے لیے پرُعزم ہیں۔

انہوںنے کہاکہ محمدنوازشریف آزادکشمیر کے عوام سے بے پناہ لگائو رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوںنے ایک تاریخی قدم کے ذریعے آزادکشمیر کا ترقیاتی بجٹ دوگنا کر دیا۔ انہوںنے کہاکہ اس کے علاوہ سی پیک اور پی ایس ڈی پی پروگرام کی مد میں بھی آزادکشمیر میں اربوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ محمدنوازشریف اور مسلم لیگ(ن) کے ان اقدامات کے باعث محمدنوازشریف ایک ایک کشمیری شہری اور بچے کی دل کی دھڑکن بن چکے ہیں جس کا والہانہ اظہار کشمیری عوام نے 5 فروری کویو م یکجہتی کشمیر کے دن محمدنوازشریف کے جلسے میں شرکت کرکے کیا۔

انہوںنے کہاکہ نوازشریف نے بطور وزیراعظم مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اُجاگر کیا ۔اُنہوںنے کہاکہ نوازشریف نے بھارت پر واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر نہ تو پاکستان اور بھارت کے تعلقات معمول پر آسکتے ہیں اور نہ ہی خطے میں دیرپا امن قائم ہو سکتا ہے۔انہوںنے اس موقع پر ایل او سی پر رہنے والے کشمیری عوام کو بھارتی بلااشتعال انگیزی کا بہادری سے مقابلہ کرنے پر سلام پیش کیا اور کہا کہ بھارتی جنگی جنون آزادکشمیر کے عوام کو اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت سے دستبردار نہیں کراسکتا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان تما م تر حالات میں اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی ،سفارتی واخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔اس موقع پر چوہدری طارق فاروق اور ڈاکٹر نجیب نقی نے آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی میں وفاقی حکومت کے کردار کی تعریف کی۔انہوںنے کہاکہ آزادکشمیر کے عوام محمد نوازشریف سے بے حد لگائو رکھتے ہیں اوراُن کوآزادکشمیرکی تعمیر وترقی کا ضامن مانتے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ آزادکشمیر کے عوام نے محمدنوازشریف کو پاکستان کی سیاست سے نااہل کرنے کے فیصلے کو تسلیم نہیں کیا اور وہ چاہتے ہیں کہ محمدنوازشریف آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں اپنا فعال کردار ادا کرتے رہیں۔سینئر وزیر اور وزیر صحت و خزانہ نے آز ادکشمیر کی تعمیر وترقی سے متعلق جاری مختلف منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا اور کہاکہ موجودہ جاری منصوبوں سے آزادکشمیر میں ترقی وخوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوچکا ہے۔انہوںنے آزادکشمیر کی ترقی میں وزیر اُمور کشمیر کے خصوصی تعاون پر اُن کا شکریہ بھی ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :