Live Updates

بے بنیاد الزامات،سینیٹ قائمہ کمیٹی عمران خان کو طلب کرے،ترجمان پنجاب حکومت

عمران خان نے شہباز دشمنی میں قومی مفادات کو نظرانداز کردیا، احتساب قبول،زیادتی برداشت نہیں کرینگے،ملک احمد خان شہباز شریف پہلے وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے پبلک سوشل ویلفئیر کی32 بڑے منصوبے مکمل کئے،صوبائی وزیر زعیم قادری کی پریس کانفرنس

جمعہ 2 مارچ 2018 22:42

لاہور۔2 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2018ء) ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان نے تحریک انصاف کی طرف سے ملتان میٹرو پراجیکٹ میں مبینہ کرپشن کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے شہباز شریف دشمنی میں قومی مفادات کو بھی نظرانداز کردیا ہے۔ چین کے تعاون سے سی پیک سے جب پاکستان کی تقدیر بدلنے والی ہے تو اس منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں بھی تیز ہوگئی ہیں۔

صوبائی وزیر زکوة و عشر سید زعیم حسین قادری کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کا یہ وطیرہ بن چکا ہے کہ وہ پہلے بے سروپا الزامات لگاتے پھر ڈھٹائی سے اس پر مُصرہوتے اور آخر میں بھاگ جاتے ہیں۔ ترجمان نے میڈیا کے نمائندوں کو چائنہ سکیورٹیز ریگولیٹری کمیشن کی طرف سے خط کی نقل دکھاتے ہوئے کہا کہ چین کی کمپنی’ یابیٹ نے جعلسازی سے کام لیتے ہوئے میٹرو بس ملتان کے منصوبے سے متعلق دروغ گوئی سے کام کیا جس پر چین کے ادارے سی ایس آر سی نے یابیٹ کو نہ صرف جرمانہ کیا بلکہ بلیک لسٹ بھی کیا۔

(جاری ہے)

عمران خان یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ پنجاب حکومت کو ڈیڑھ سال بعد کیوں یاد آیا کہ کیپیٹل انجنئیرنگ کا سربراہ فیصل سبحان ایک جعلی کردار ہے۔ ترجمان نے کہا حقیقت یہ ہے کہ جس وقت یہ معاملہ سامنے آیا اسی وقت صوبائی انتظامیہ کی طرف سے وضاحت جاری کردی گئی تھی اور وقت نے ثابت کردیا کہ پنجاب حکومت کا مؤقف درست تھا۔ یہ معاملہ اب نیب اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ میں بھی زیرغور ہے۔

میںپنجاب حکومت کی طرف مطالبہ کرتا ہوں کہ عمران خان کو سینیٹ کمیٹی میں طلب کرکے بے بنیاد الزامات ثابت کرنے کیلئے کہا جائے۔ ایک سوال پر انہوں نے اس تاثر کی سختی سے نفی کی کہ سنیئر بیوروکریٹ احد چیمہ کی گرفتاری پر افسروں کے احتجاج میںکوئی سیاسی ہاتھ ہے۔ کسی کو ایک اعلیٰ افسر کی گرفتاری پر نہیں بلکہ اس کی تذلیل پر اعتراض ہے۔ نیب تحقیقات ضرور کرے لیکن انتظامی مشینری میں سراسیمگی پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

احتساب کی قدر کریں گے لیکن زیادتی برداشت نہیں کی جائیگی۔ صوبائی سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس میں جھوٹ کا پہاڑ کھڑا کیا گیا۔پنجاب حکومت اور وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے خلاف الزامات کا منطق یا دلائل کے ساتھ جواب دیں گے۔ شہباز شریف پہلے وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے ملک کی70سالہ تاریخ میں پہلی بار پبلک سوشل ویلفئیر کی32 بڑے منصوبے مکمل کئے۔

دیگر صوبوں میں ایسا ایک بھی منصوبہ مکمل کرنا تو کجا شروع تک نہیں کیا گیا۔ پاکستان کے ساتھ چین، ترکی اور یورپی ممالک بھی شہباز شریف کے عوام دوست منصوبوں کے معترف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف اندھیرں سے روشنی کی طرف سفر کی ضمانت ہیں۔ عمران خان الیکشن میں شکست کا نوشتہ دیوار پڑھ کر الزامات لگارہے ہیں۔ وہ صوبہ خیبرپختونخوا میں عوام کی فلاح پر توجہ دیں اور پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ نہ بنیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات