پنجاب میں مونگ پھلی کا 87 فیصد زیر کاشت رقبہ چکوال، اٹک اور راولپنڈی میں ہے

ہفتہ 3 مارچ 2018 15:15

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2018ء) محکمہ زرارعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان نے کہاہے کہ پنجاب میں مونگ پھلی کے زیر کاشت رقبہ کا 87 فیصد چکوال، اٹک اور راولپنڈی کے اضلاع پر مشتمل ہے۔ ترجمان کے مطابق مونگ پھلی کیلئے گرم مرطوب آب و ہوا موزوں ہے اور دوران بڑھوتری مناسب وقفوں سے بارش اس کی بہتر نشوونما کیلئے بے حد مفید ہے۔

چونکہ بارانی علاقوں کے زمینی و موسمی حالات میں یہ دونوں خصوصیات موجود ہیں اس لئے مونگ پھلی کے زیر کاشت رقبہ کا بیشتر حصہ بارانی علاقہ جات پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق مونگ پھلی کی پیداوار میں اضافہ کے لیے موزوں زمین کا انتخاب انتہائی ضروری ہے۔ مونگ پھلی کے لیے رتیلی اور رتیلی میرا زمین یا ہلکی میرا زمین موزوں ہے۔ کیونکہ نرم اور بھربھری زمین میں پودوں کی سوئیاں با آسانی داخل ہو کر اچھی طرح نشوونما پا سکتی ہیں۔

ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ کاشتکار جدید زرعی ٹیکنالوجی کے رہنما اصولوں پر عمل کرکے مونگ پھلی کی پیداوار میں دو سے تین گنا اضافہ کر سکتے ہیں۔ اس کی پیداوار میں اضافہ سے نہ صرف کاشتکاروں کی معاشی حالت بہتر ہوگی بلکہ یہ ملکی ترقی کیلئے بھی بہت اہم ہے۔

متعلقہ عنوان :