کسان پیکج، جنوبی پنجاب کے اضلاع کیلئے کروڑوں روپے سبسڈی کی فراہمی کے پروگرام کا آغاز کر دیا گیا،ترجمان

ہفتہ 3 مارچ 2018 16:44

لاہور۔3 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2018ء) خادم پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر کسان پیکج کے تحت کپاس کی منتخب شدہ اقسام پر کاشتکاروں کو کروڑوں روپے سبسڈی کی فراہمی کا آغاز کردیا گیا ہے۔اس سکیم کے تحت ملتان، خانیوال، لودھراں، وہاڑی، بہاولنگر، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان،لیہ،مظفرگڑھ اور راجن پور کے اضلاع کے کا شتکاروں میںکپاس کے منتخب شدہ اقسام کے بیج پر700 روپے فی بیگ سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق یہ سبسڈی صرف منتخب شدہ اقسام آئی یو بی 2013-،ایف ایچ142-،ایف ایچ- لالہ زار اور ایم این ایچ886- پر دی جائے گی۔اس سکیم میں شامل ہونے کیلئے متعلقہ اضلاع کے خادمِ پنجاب کسان پیکج کے تحت رجسٹرڈ کاشتکار اپنے موبائل سیCS0319CNICNumber لکھ کر 8070 پر SMS کریں۔

(جاری ہے)

متعلقہ اضلاع کے رہائشی ہونے کی صورت میں کاشتکاروں کو تصدیقی ایس ایم ایس موصول ہوگا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ سکیم میں شامل ہونے کیلئے ایس ایم ایس بھیجنے کی آخری تاریخ15 مارچ2018 ہے۔ یہ سبسڈی وائوچرز بیج کپاس کے تھیلے میںاپریل2018 کو فراہم کئے جائیں گے۔ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ کپاس کی ان اقسام کی کاشت سے جنوبی پنجاب میں اس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگا۔جن کاشتکاروں نے ابھی تک خادمِ پنجاب کسان پیکج کے تحت اپنی رجسٹریشن نہیں کروائی ہے وہ اس سبسڈی سکیم میں شامل ہونے کیلئے زرعی ہیلپ لائن کے نمبرز0800-15000 یا0800-29000 پر صبح8 بجے سے رات8 بجے تک رابطہ کرکے اپنی رجسٹریشن کا عمل مکمل کروائیں۔

ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ اس سبسڈی سکیم کے نتیجے میں جنوبی پنجاب میں کپاس کے علاقوں میں منتخب شدہ اقسام کو فروغ حاصل ہوگا اور اس کی پیداوار میں اضافہ کے سا تھ ساتھ اس کی کوالٹی میں بھی مزید بہتری آئے گی۔

متعلقہ عنوان :